ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وزرائے اعلیٰ برطرفی بل پر احتجاج شدت اختیار کر گیا، آپ اور سماجوادی نے بھی جے پی سی کا بائیکاٹ کیا

وزرائے اعلیٰ برطرفی بل پر احتجاج شدت اختیار کر گیا، آپ اور سماجوادی نے بھی جے پی سی کا بائیکاٹ کیا

Mon, 25 Aug 2025 10:43:14    S O News

نئی دہلی   ، 25/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)  وزیر اعظم ،وزرائے اعلیٰ اور مرکزی وریاستی وزرا ء کی گرفتاری اور۳۰؍ روز  میں  ضمانت نہ ملنے پر ان کی برطرفی سے متعلق بل   کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹی ایم سی کے بعد اب عام آدمی پارٹی (آپ) اور سماجوادی پارٹی نے بھی اس پرمجوزہ قانون پر غور وخوض کیلئے بنائی جانے والی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی ( جے پی سی) کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کی طرف سے اس ضمن میں کوئی اعلان نہیں کیاگیا تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق فیصلہ کرلیاگیاہے جبکہ عام آدمی پارٹی کی جانب سے سنجے سنگھ نے باقاعدہ اعلان کیا اور میڈیا سے بات چیت بھی کی۔

 واضح رہے کہ کسی مجوزہ قانون کے خلاف اس طرح کے احتجاج کی مثال نہیں ملتی کہ سیاسی پارٹیوں نے جے پی سی کے کا حصہ بننے سے بھی انکار کردیا ہو۔  عام آدمی پارٹی نے  بائیکاٹ  کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ بل ملک میں جمہوریت کو ختم کرنے کیلئے لایا جارہاہے۔‘‘ پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے کہاکہ ’’وزیر اعظم مودی کا یہ بل بدعنوانی کے خلاف نہیں ہے۔ یہ بل حکومتوں کو گرانے اور خرید و فروخت کے مقصد سے لایا جا رہا ہے۔اپوزیشن لیڈروں کو گرفتار کرکے جیل میں ڈالنا اور ان سے استعفیٰ لینااس بل کا مقصد ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’یہ جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔اس لئے عام آدمی پارٹی اور اروند کجریوال نے فیصلہ لیا کہ ان کی پارٹی جے پی سی میں شامل نہیں ہوگی۔‘‘سنجے سنگھ نے مزید کہا کہ ’’کسی کو اس بات کی غلط فہمی نہیں رہنی چاہئے کہ یہ بل بدعنوانی کو ختم کرنے کیلئے لایا جارہاہے کیونکہ بی جے پی اور بدعنوانی کاچولی دامن کا ساتھ ہے۔‘‘ 


Share: