ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کرنول بس سانحہ کی تحقیقات میں حیرت انگیز انکشاف: بس کی ٹکر سے پہلے ہی بائیک سوار کی ہوچکی تھی موت

کرنول بس سانحہ کی تحقیقات میں حیرت انگیز انکشاف: بس کی ٹکر سے پہلے ہی بائیک سوار کی ہوچکی تھی موت

Sun, 26 Oct 2025 17:43:39    S O News
کرنول بس سانحہ کی تحقیقات میں حیرت انگیز انکشاف: بس کی ٹکر سے پہلے ہی بائیک سوار کی ہوچکی تھی موت

کرنول، 27 اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی): حیدرآباد سے بینگلورو جانے والی بس کے کرنول کے قریب پیش آئے المناک حادثے کی تحقیقات کے دوران حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ بس کی ٹکر سے قبل ہی  بائیک سوار شیو شنکر نیشنل ہائی وے پر گر کر ہلاک ہو چکا تھا۔ بائیک کی پچھلی سیٹ پر سوار اس کا ساتھی، نیچے گری بائیک اور اپنے ساتھی  کو سڑک سے کنارے کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک تیز رفتار بس وہاں آ پہنچی۔ بس کو آتا دیکھ کر زندہ بچنے والا ساتھی فوراً کنارے ہٹ گیا، مگر بس بائیک سے ٹکرا کر اسے تقریباً 200 میٹر تک گھسیٹتی ہوئی لے گئی۔

تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ موٹرسائیکل پر دو افراد سوار تھے، جن میں سے ایک شخص نانی عرف ایرا سوامی معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا، جبکہ دوسرا شخص شیوشنکر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ نانی نے پولیس کو بتایا کہ ان کی موٹرسائیکل قومی شاہراہ پر توازن کھو بیٹھی تھی، جس کے نتیجے میں وہ گر پڑے۔ اسی دوران حیدرآباد سے بینگلورو جانے والی ایک سلیپر بس سڑک پر گری ہوئی بائیک سے ٹکرا گئی۔

بس کے بائیک کو تقریباً دو سو میٹر گھسیٹنے کے نتیجے میں بائیک کی پٹرول ٹنکی میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

یہ المناک حادثہ جمعہ کی صبح تقریباً 2:50 بجے قومی شاہراہ 44 پر چینّاتکور کے قریب پیش آیا، جس میں 19 مسافروں کی موت واقع ہوئی۔

پولیس اور فارنسک ماہرین نے جائے حادثہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ بس سڑک پر گری ہوئی موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں دھماکہ خیز آگ بھڑکی۔

مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ نانی عرف ایرا سوامی اور شیوشنکر جمعہ کی رات تقریباً 2:20 بجے لکشمی پورم میں نانی کے گھر سے روانہ ہوئے تھے۔ دونوں نے راستے میں ایک پٹرول پمپ پر گاڑی روکی تھی۔ پولیس نے متعلقہ پٹرول پمپ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج حاصل کر لی ہے، جس سے شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ بائیک سوار شیوشنکر نشے میں دھت تھا۔

پولیس افسر کے مطابق، “شیوشنکر کا سر سڑک سے ٹکرانے کے باعث موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ نانی دو فٹ اونچی اسٹیل ریلنگ کے اوپر سے جھول کر جھاڑیوں میں جا گرا اور معمولی زخمی ہوا۔” نانی نے زخمی حالت کے باوجود دوست کو کنارے کرنے کی کوشش کی، لیکن اس وقت تک وہ دم توڑ چکا تھا۔

چند منٹ بعد ہی کاویری ٹریولس کی بس وہاں پہنچی اور سڑک پر گری موٹرسائیکل سے ٹکرا کر اسے تقریباً 200 میٹر تک گھسیٹتی ہوئی لے گئی، جس کے نتیجے میں بس میں آگ لگ گئی۔ نانی نے پولیس کو بتایا کہ اس نے دور سے بس کو جلتے اور مسافروں کی چیخیں سنتے ہوئے دیکھا۔

نانی موقع پر ہی رہا اور پولیس و فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کے پہنچنے تک جائے حادثہ پر موجود رہا۔پولیس نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں اور حادثے کے تمام پہلوؤں کی باریکی سے چھان بین کی جا رہی ہے۔


Share: