بھٹکل 31 / اکتوبر (ایس او نیوز) ریاستی الیکشن کمیشن کی طرف سے ضلٰع ڈپٹی کمشنروں کے نام جاری کردہ مراسلے کے مطابق ریاست کے تمام 195 میونسپل کاونسلوں کی میعاد کار کا اختتام ان کی مقررہ تاریخ پر ہوگا اور اس میں کسی قسم کی توسیع نہیں ہوگی۔
اس مراسلے کی روشنی میں اب یہ طے ہے کہ بھٹکل ٹی ایم سی کی میعاد کار 5 نومبر کو ختم ہوجائے گی اور اسی کے ساتھ ایڈمنسٹریٹر کا تقرر عمل میں آئے گا۔
الیکشن کمیشن کے انڈر سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ شہری بلدی اداروں کی دسویں میعاد میں صدور اور نائب صدور کی میعاد کے 30 مہینے پورے نہ ہونے کی وجہ سے میونسپل کاونسلوں کے اراکین نے الیکشن کمیشن سے جنرل الیکشن منعقد نہ کرنے اور دوسری مرتبہ منتخب ہونے والے عہدیداروں کی میعاد کار پوری ہونے تک اسے ٹالنے کی اپیل داخل کی تھی۔
ریاستی الیکشن کمیشن نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دستوری ضوابط اور میونسپل قانون کے مطابق بلدی اداروں کی میعاد کار کا پانچ سال کا عرصہ جنرل الیکشن کے بعد جس دن میونسپل کاونسل کی پہلی میٹنگ طے ہوتی ہے اس دن سے میونسپل کاونسل کی میعاد کار شروع ہوتی ہے اور پانچ سال کی مدت اس دن سے ہی شمار کی جائے گی۔ میعاد کے دوسرے مرحلے میں صدور و نائب صدور کے انتخابات کی تاریخ کو میعاد کی تکمیل کے لئے شمار نہیں کیا جائے گا۔
اس لئے سال 2018-2020 کے دوران ہوئے میونسپل کاونسلوں کے عام انتخابات کے بعد منعقد ہونے والی کاونسل کی میٹنگ کو ہی بنیاد بنا کر میعاد کا تعین کیا گیا ہے اور اس لحاظ سے پانچ سال مکمل ہونے پر ان کاونسلوں کی میعاد کار ختم ہو جائے گی۔ ضلع کے ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ ان کے توسط سے اس وضاحت کو الیکشن ٹالنے اور میعاد کی توسیع کا مطالبہ کرنے والے کاونسلرز تک پہنچایا جائے۔