بھٹکل 10/ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل کی ہونہار طالبہ حاجرہ عائفہ بنت عبدالسلام رکن الدین نے اپنی غیر معمولی تعلیمی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے مینگلور کے ینوپویا کالج میں منعقدہ بی ایس سی فائنل امتحان میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 99.4 فیصد نمبرات کے ساتھ اول رینک حاصل کیا ہے۔
حاجرہ نے ایڈوانس ای ایم جی اور کلینکل نیورو سائنس جیسے مشکل مضامین میں سو فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں، جبکہ دیگر مضامین میں بھی 99 فیصد مارکس لے کر سبھی کو متاثر کردیا ہے۔ یہ کامیابی اس وقت مزید قابلِ فخر بنی جب معلوم ہوا کہ ینوپویا ڈیمڈ یونیورسٹی کے تحت 800 سے زائد طلبہ نے امتحان میں شرکت کی تھی جس میں ملک کے مختلف ریاستوں کے اسٹوڈینٹس شامل ہیں، مگر حاجرہ نےتماموں پر سبقت حاصل کر کے نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے بھٹکل کا نام روشن کیا۔
حاجرہ عائفہ نے اپنی ابتدائی تعلیم انجمن آزاد پرائمری اسکول سے حاصل کی جہاں وہ ہمیشہ نمایاں کارکردگی کے ساتھ کامیاب ہوتی رہیں۔میٹرک امتحان میں 96.48 فیصد کے ساتھ ٹاپ کرنے پر انہیں 2018-19 میں ’دخترِانجمن‘ کے اعزاز اور رابطہ گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انجمن پری یونیورسٹی کالج فار ویمن سے سیکنڈ پی یو سی میں بھی انہوں نے انگلش، ہندی، فزکس، میتھس اور بایولوجی میں سو فیصد نمبرات لے کر اپنی برتری برقرار رکھی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے انہوں نے مینگلور ینوپویا اسکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنس کا انتخاب کیا جہاں انہوں نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔
تعلیم کے ساتھ ساتھ حاجرہ کالج میں ہونے والے پروگراموں میں بھی شاندار پرفارمینس کے ساتھ بہترین نظامت کے لیے بھی پہچانی جاتی ہیں اور کھیلوں خصوصاً بیڈمنٹن میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔
قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے رکنِ انتظامیہ جناب عبدالسلام رکن الدین کی صاحبزادی کی اس شاندار کامیابی پر تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، نائب صدر عتیق الرحمن منیری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی سمیت کئی ذمہ داران نے حاجرہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے تابناک مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر حاجرہ عائفہ نے کہا کہ اگر ہم محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھیں تو کوئی بھی منزل ناممکن نہیں رہتی۔