ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بینگلورو : محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ - اتر کنڑا سمیت 20 اضلاع میں موسلا دھار برسات کی پیشین گوئی

بینگلورو : محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ - اتر کنڑا سمیت 20 اضلاع میں موسلا دھار برسات کی پیشین گوئی

Thu, 05 Jun 2025 12:56:19    S O News

بینگلورو،  5 / جون (ایس او نیوز) محکمہ موسمیات نے  اتر کنڑا سمیت ریاست کے 20 سے زائد اضلاع کے لئے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے ان علاقوں میں جنوب مغربی مانسون کی بارش کا سلسلہ آج سے تیز ہو جائے گا ۔ 
    
پچھلے دو چار دن کے توقف کے بعد از سر نو موسلا دھار برسات شروع ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ برساتی پانی کی وجہ سے خاص طور پر ساحلی علاقوں میں سیلابی کیفیت اور زمین کھسکنے جیسے واقعات پیش آ سکتے ہیں ۔ 
    
جن علاقوں کے لئے بھاری بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے ان میں اتر کنڑا، دکشن کنڑا، اڈپی، کوڈاگو، بینگلوو شہر، بینگلورو دیہی، چامراج نگر، چکبالاپور، بیلگاوی، بیدر، دھارواڑ، ہاویری، کلبرگی، کوپّل، رائچور، وجیا پورا، یادگیر اور بلاری شامل ہیں ۔
    
خیال رہے کہ اپنے مقررہ وقت سے شروع ہونے والے مانسون کی وجہ سے اتر کنڑا، دکشن کنڑا اور اڈپی میں پچھلے دنوں مسلسل برسات ہو چکی ہے اور اس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال کے علاوہ زمین کھسکنے سے اموات جیسے واقعات پیش آ چکے ہیں ۔ 
    
اب از سر نو مانسون میں تیزی آنے کے امکانات کے ساتھ ان علاقوں میں بسنے والوں کے اندر دوبارہ تشویش پیدا ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اتر کنڑا اور کوڈاگو کے لئے ایلو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان علاقوں میں تیز ہواوں اور بادلوں کی گرج کے ساتھ برسات ہوگی ۔  موسلا دھار برسات کی صورت میں کوڈاگو علاقے میں زمین کھسکنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔ 
    
محکمہ موسمیات نے تیز بارش کی زد میں آنے والے علاقوں کے عوام سے اپیل کو چوکنا رہنے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لئے کہا ہے ۔


Share: