بنگلورو، 17 مئی (ایس او نیوز / ایجنسی) کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنگلورو نے اپنی تاریخ میں ایک نمایاں سنگِ میل حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 40 کروڑ مسافروں کی خدمت مکمل کر لی ہے۔ اس پیش رفت کا تفصیلی جائزہ بنگلور انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے 134ویں بورڈ اجلاس میں پیش کیا گیا، جس کی صدارت حکومتِ کرناٹک کی چیف سکریٹری شالنی رجنیش نے کی ۔
اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے دوران ہوائی اڈے کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، مسافروں کی سہولتوں اور عالمی سطح پر حاصل اعزازات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے بی آئی اے ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر، سی ای او اور پوری ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہوابازی شعبہ کو درپیش مختلف چیلنجز کے باوجود بنگلورو ہوائی اڈے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران بنگلورو ہوائی اڈے پر 4 کروڑ 44 لاکھ 70 ہزار مسافروں نے سفر کیا، جبکہ 5 لاکھ 32 ہزار میٹرک ٹن کارگو کی نقل و حمل درج کی گئی۔ بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں 23.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ تعداد 72 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ گئی، جبکہ اندرونِ ملک مسافروں کی تعداد 3 کروڑ 72 لاکھ 40 ہزار رہی۔
بورڈ اجلاس میں بتایا گیا کہ بنگلورو ہوائی اڈہ اس وقت 78 سے زائد ملکی اور 34 بین الاقوامی مقامات سے براہِ راست فضائی رابطہ فراہم کر رہا ہے، جس سے جنوبی اور وسطی ہند کے لیے یہ ایک اہم عالمی فضائی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔
کارگو خدمات کے میدان میں بھی ہوائی اڈے نے نمایاں ترقی درج کی۔ زرعی اجناس، ادویات، الیکٹرانکس، آٹو پارٹس اور ای کامرس مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ ہوائی اڈے نے مسلسل پانچویں سال خراب ہونے والی زرعی مصنوعات کی برآمدات کے لیے ملک کے سب سے بڑے مرکز کا اعزاز برقرار رکھا۔ سال بھر میں تقریباً 6 کروڑ گلاب کے پھولوں کی ڈنڈیاں برآمد کی گئیں، جبکہ آم اور دھنیا کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ بنگلورو ہوائی اڈے کو عالمی سطح پر کئی اہم اعزازات حاصل ہوئے ہیں۔ اس میں مسلسل تیسرے سال “بھارت اور جنوبی ایشیا کا بہترین علاقائی ہوائی اڈہ” کا اعزاز، عالمی سطح پر آمدی خدمات میں بہترین ہوائی اڈہ، عالمی ٹاپ 100 ہوائی اڈوں کی فہرست میں 41 واں مقام، اور سلامتی و صارف سہولتوں کے مختلف عالمی اعترافات شامل ہیں۔
بورڈ نے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں، مسافروں کی سہولتوں میں مزید بہتری، بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور عالمی فضائی رابطوں کو مستحکم بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا۔
اجلاس میں توقع ظاہر کی گئی کہ بنگلورو ہوائی اڈہ آئندہ برسوں میں ملک کے اہم ترین فضائی مراکز میں اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کرے گا اور عالمی سطح پر اپنی شناخت کو مزید وسعت دے گا۔