ناندیڑ/چندر پور ، 22/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)چندر پور ڈسٹرکٹ سینٹرل بینک نے 358 اسامیوں کے لیے بھرتی کا عمل شروع کیا ہے، جن میں 261 کلرک اور 97 چپراسی کی اسامیاں شامل ہیں۔ ان عہدوں پر تقرری کے لیے 21، 22 اور 23 دسمبر کو آن لائن امتحان منعقد ہونے والے تھے۔ تاہم، سنیچر کو پہلے پرچے کے دوران امتحان ہال میں پرچے دیر سے پہنچنے کی وجہ سے ہنگامہ برپا ہوگیا۔ امیدواروں کو پرچہ دینے کے لیے اضافی وقت نہیں دیا گیا اور مقررہ وقت سے پہلے ہی انہیں یہ کہہ کر باہر نکال دیا گیا کہ ان کا پرچہ مکمل ہو چکا ہے۔ اسی طرح کا واقعہ ناندیڑ اور چندر پور کے امبیڈکر کالج میں بھی پیش آیا۔
اطلاع کے مطابق چندر پور سینٹرل بینک میں بھرتیوں کیلئے ہونے والے امتحانا ت کا سنیچر کو پہلا پرچہ تھا جس کیلئے چندر پور، ناندیڑ، عثمان آباد، اور پونے سمیت کئی علاقوں میں سینٹر لگائے گئے تھے۔ یہ امتحان ایک آئی ٹی آئی نامی ایک پرائیویٹ کمپنی نے منعقد کئے تھے۔ پرچے کا وقت ۱۰؍ تا ۱۲؍ بجے تھا۔ لیکن ناندیڑ کے ایکویرا ہائی اسکول میں قائم سینٹر پر پرچے تاخیرسے پہنچے۔ امیدواروں نے کسی طرح پرچہ لکھنا شروع کیا۔ ابھی ۱۵؍ منٹ بھی نہیں گزرے تھے کہ ان سے یہ کہہ کر پرچے چھین لئے گئے کہ ان کا پرچہ ہو چکا ہے۔ تقریباً یہی بات چندر پور کے بابا صاحب امبیڈکر کالج میں قائم سینٹر پر بھی پیش آئی۔ یہاں پرچے میں ایک سوال غلط چھپا تھا۔ طلبہ نے اس کی شکایت کی تو ان سے پرچہ لے لیا گیا اور سینٹر سے باہر نکال دیا گیا۔ ان سے کہا گیا کہ اب یہ پرچہ ۲۳؍ دسمبر کو دوبارہ ہوگا۔ اس پر امیدوار ناراض ہو گئے کیونکہ انہیں دور دراز سے آنے جانے میں وقت اور پیسہ دونوں صرف کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے احتجاج شروع کر دیا۔ کافی دیر تک وہ انتظامیہ کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ انہوں نے آئی ٹی آئی کمپنی پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا ہے۔
اس دوران ناگپور میں جاری سرمائی اجلاس میں بھی اس معاملے کی گونج سنائی دی۔ رکن اسمبلی کشور جورگیوار نے اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل بینک کی اس بھرتی میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہونے کا الزام لگایا ہے۔ جورگیوار نے اسمبلی اسپیکر کو بتایا کہ اس امتحانی عمل میں بڑے پیمانے پر تکنیکی و انتظامی امور میں گڑبڑ ہوئی ہے۔ بتادیں کہ چندر پور ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک کی بھرتی کا عمل مختلف وجوہات کی وجہ سے پچھلے کئی سال سے سرخیوں میں رہا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے دوران سرکاری محکمہ اور خود وزیر اعلیٰ نے اس بھرتی کو روک دیا تھا۔ تاہم ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ نے امتحان لینے کا حکم دیا اور کہا کہ ضلع بینک کے ملازمین کی بھرتی میں سیاسی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بینک نے ممبئی میں واقع ایک نجی کمپنی آئی ٹی آئی لیمیٹیڈ سے آن لائن امتحان منعقد کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ چندر پور، ناگپور، امراوتی ا، گوندیا پونہ، ناسک، اورنگ آباد، جالنہ اور ناندیڑ میں سینٹر تھا۔