ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بینک ملازمین کا احتجاج: ’گالی گلوچ کرنے والے افسر‘ اور بیف پر پابندی کے خلاف مظاہرہ

بینک ملازمین کا احتجاج: ’گالی گلوچ کرنے والے افسر‘ اور بیف پر پابندی کے خلاف مظاہرہ

Sat, 30 Aug 2025 19:19:32    S O News

ایرناکلم، 30 اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) کیرالہ میں بینک ایمپلائز فیڈریشن آف انڈیا (Bank Employees Federation of India - BEFI) سے وابستہ ملازمین نے کینرا بینک کے ریجنل آفس ایرناکلم کے سامنے منفرد احتجاج کیا۔ مظاہرین نے جمعرات 28 اگست کو دفتر کے باہر بیف اور پراٹھا کھا کر اس افسر کے خلاف نعرے بازی کی جس پر الزام ہے کہ وہ عملے پر بیف کھانے کی پابندی عائد کر رہا تھا اور ملازمین کے ساتھ گالی گلوچ و بدسلوکی کرتا ہے۔

یونین کے مطابق یہ احتجاج نہ صرف بیف پر پابندی کے خلاف تھا بلکہ اس سینئر افسر کے توہین آمیز رویے کے خلاف بھی تھا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ متعلقہ افسر اکثر گاہکوں کے سامنے افسران و اسٹاف کو ذلیل کرتا ہے اور ’’گندی زبان‘‘ استعمال کرتا ہے۔

بینک ایمپلائز فیڈریشن آف انڈیا کے ریاستی صدر ایس ایس انیل نے میڈیا کو بتایا: ’’یہ احتجاج صرف بیف پابندی کے خلاف نہیں ہے جیسا کہ کچھ میڈیا ادارے بتا رہے ہیں بلکہ یہ اس کے گالی گلوچ والے رویے کے خلاف بھی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس افسر نے ایک کیشیئر کو گاہک کے سامنے بدنام کیا کیونکہ گاہک نے سروس پر آن لائن ریویو نہیں دیا تھا۔

انیل نے مزید کہا کہ دفتر اور کینٹین میں بیف پر پابندی لگانا ناقابلِ قبول ہے۔ ’’یہ ایک عوامی شعبے کا بینک ہے۔ ایسے افسران عوامی شعبے کے بینکوں کو عوام اور ملازمین دونوں کے لیے ناموافق بنا دیتے ہیں۔ کھانا ذاتی آزادی ہے، جمہوریہ میں دستور ہمیں یہ حق دیتا ہے کہ ہم کیا کھائیں۔ اسی لیے ہم نے بیف کھا کر احتجاج درج کرایا۔‘‘

کینرا بینک کوچی آفس کے ایک افسر نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، بتایا: ’’جب سے یہ افسر چارج سنبھالا ہے، اس کا رویہ انتقامی رہا ہے۔ وہ ملازمین پر چیختا ہے، سب کے سامنے ذلیل کرتا ہے اور عجیب و غریب احکامات لاتا ہے، جیسے بیف پابندی۔‘‘


Share: