لکھنؤ، 6/ اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ 'پی ڈی اے پاٹھشالہ' کو پولیس بند نہیں کر سکتی، بلکہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خود آکر حالات کا جائزہ لینا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت نئے اساتذہ کی تقرری نہیں کرتی، پارٹی ان بند یا ضم شدہ اسکولوں میں طلباء کو تعلیم دیتی رہے گی۔
اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ حکومت نے خود اعتراف کیا ہے کہ اس نے کئی اسکول بند یا ضم کر دیے ہیں، اور کہا کہ سماج وادی پارٹی کے کارکن بچوں کو ان اسکولوں میں تعلیم دینا جاری رکھیں گے۔ ان کے مطابق، پی ڈی اے پاٹھشالہ ایک عوامی خدمت ہے جسے روکا نہیں جا سکتا۔
ادھر، بی جے پی اتر پردیش کے صدر بھوپیندر سنگھ چودھری نے اس پاٹھشالہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی پر اقربا پروری کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی بچوں کے مستقبل سے کھیل رہی ہے اور صرف اپنے خاندان تک محدود تعلیم کو فروغ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق، 'A for Akhilesh' اور 'D for Dimple' پڑھانا ایک سیاسی مفاد پر مبنی عمل ہے۔
اسی معاملے پر سماج وادی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن رام گوپال یادو نے پارٹی لیڈر فرہاد عالم پر ایف آئی آر درج ہونے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ سب "جاہل لوگوں" اور "چھوٹی سوچ رکھنے والوں" کا نتیجہ ہے جو اقتدار میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا":اگر ہم 'A for Akhilesh'، 'B for Babasaheb' سکھاتے ہیں تو اس میں غلط کیا ہے؟ جب جاہل اور تنگ نظر لوگ اقتدار میں ہوتے ہیں، تو ایسے واقعات روز ہوتے ہیں۔ بچوں کو جو طریقہ سب سے آسان لگے، وہی سب سے مؤثر طریقہ ہے۔ یہ تعلیم سرکاری اسکول میں نہیں دی جا رہی۔ جنہوں نے ایف آئی آر درج کی ہے، ان پر اختیارات کے غلط استعمال پر ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔"