ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دیوالی سے پہلے دہلی-این سی آر کی ہوا زہریلی، مسلسل چار روز ’خراب‘ زمرہ میں

دیوالی سے پہلے دہلی-این سی آر کی ہوا زہریلی، مسلسل چار روز ’خراب‘ زمرہ میں

Sat, 18 Oct 2025 11:14:01    S O News

نئی دہلی  ،18/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)راجدھانی دہلی میں دیوالی کی چمک دمک آلودگی کی وجہ سے ماند پڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ مسلسل 4 دنوں سے ’خراب‘ زمرہ میں برقرار رہنے والی ہوا نے دہلی-این سی آر کے لوگوں کی دیوالی کا مزہ ایک طرح سے پھیکا کر دیا ہے۔ جمعہ کے روز دہلی کی فضا ایک بار پھر زہریلی نظر آئی جب ہوا کا معیار یعنی اے کیو آئی 254 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ ’خراب‘ زمرہ میں ہی آتا ہے۔ یہ جمعرات کے مقابلہ میں 9 پوائنٹس زیادہ ہے۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق امکان ہے کہ پیر سے ہوا ’انتہائی خراب‘ زمرے میں پہنچ جائے گی۔ ایسی صورت میں سانس کے مریضوں کے لیے دشواریاں بڑھ سکتی ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ ماسک پہنیں اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ سی پی سی بی کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو کئی علاقوں میں ہوا ’انتہائی خراب‘ زمرہ میں ریکارڈ کی گئی۔ ان میں آنند وہار میں 360، وزیرپور میں 343، جہاںگیرپوری میں 331، بوانا میں 309 اور نارتھ کیمپس میں 303 اے کیو آئی درج کیا گیا۔

دی گئی جانکاری کے مطابق دہلی-این سی آر میں غازی آباد بھی آلودہ شہروں میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں 306 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ یہ بھی ’انتہائی خراب‘ زمرہ میں آتا ہے۔ سب سے کم آلودہ شہر فرید آباد رہا، جہاں اے کیو آئی 105 درج کیا گیا، جو ’درمیانی‘ زمرے میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ نوئیڈا میں 278، گڑگاؤں میں 266 اور گریٹر نوئیڈا میں 246 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔


Share: