نئی دہلی، 11؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ملک کے مختلف علاقوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے بھوپال، بھونیشور، جودھپور، پٹنہ، رائے پور اور رشی کیش میں قائم آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)کو ڈاکٹروں اور میڈیکل فیکلٹی کی زبردست کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان 6نئے ایمس میں مختلف فیکلٹیوں میں منظورشدہ 1830عہدوں میں سے صرف 527عہدوں پر ہی بھرتیاں ہوپائی ہیں جبکہ 1303عہدے خالی ہیں۔صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت سے حاصل معلومات کے مطابق، بھوپال، بھونیشور، جودھپور، پٹنہ، رائے پور اور رشی کیش میں قائم 6 ایمس میں منظور شدہ عہدوں کی تعداد 1830ہے، ان میں 2015-16اور 2016-17میں جن عہدوں کے لیے اشتہار دیا گیا تھا ، ان کی تعداد 1300تھی۔فی الحال 527عہدوں پر بھرتیاں ہوئی ہے اور ملازمین تعینات ہیں جبکہ 1303کے عہدے خالی ہیں۔وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق، 6 ایمس میں ذاتی وجوہات سے فیکلٹی کے 48ارکان اور 12نرسوں نے استعفی دے دیاہے ۔وزارت کے ایک افسر نے بتایا کہ خالی پڑے عہدوں کو بھرنے کے لیے دوبارہ اشتہار دیا گیا ہے۔صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (بھوپال) میں میڈیکل اور دیگر فیکلٹی کے منظور شدہ عہدوں کی تعداد 305ہے، ان میں سے 58عہدوں پر بھرتی کی گئی ہے جبکہ 247عہدے ابھی بھی خالی پڑے ہیں۔بھوپال میں واقع ایمس کے تناظر میں صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے تبصرے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے ملتوی حکم کی وجہ سے سلیکشن کے عمل کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی ہے۔