ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اُترپردیش کے شاہجہان پورمیں ٹرین کی موٹرسائیکل کو ٹکر، میاں بیوی اور دو بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک

اُترپردیش کے شاہجہان پورمیں ٹرین کی موٹرسائیکل کو ٹکر، میاں بیوی اور دو بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک

Wed, 24 Dec 2025 23:23:37    S O News
اُترپردیش کے شاہجہان پورمیں ٹرین کی موٹرسائیکل کو ٹکر، میاں بیوی اور دو بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک

شاہجہان پور24/ڈسمبر (ایس او نیوز): اُترپردیش کے ضلع شاہجہان پور میں بدھ کی شام پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے حادثہ میں دو کمسن بچوں سمیت پانچ افراد اُس وقت جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب ایک مسافر ٹرین ان کی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔

پولیس کے مطابق، حادثہ روجہ پولیس تھانہ حدود میں واقع روجہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جب موٹر سائیکل ریلوے لائن عبور کرنے کے لیے پیدل گزرگاہ (پیڈسٹرین پیسیج) سے گزر رہی تھی۔ تمام پانچوں افراد ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) راجیش دویدی نے بتایا کہ یہ حادثہ شام تقریباً 6:30 بجے پیش آیا، جب لکھنؤ کی سمت سے آنے والی ایک مسافر ٹرین موٹر سائیکل کے ڈاؤن لائن پر پہنچتے ہی اس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تمام افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت سیٹھ پال (40 سال)، ان کی اہلیہ پوجا (38 سال)، ان کے چار سے چھ سال کی عمر کے دو بچے، اور سیٹھ پال کے سالے ہری اوم (45 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ تمام متوفین لکھیم پور ضلع کے وانکا گاؤں کے رہائشی تھے۔

ایس پی کے مطابق، حادثے کے وقت یہ خاندان وانکا گاؤں واپس لوٹ رہا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، میاں بیوی اپنے سالے ہری اوم سے نگوہی گاؤں میں ملاقات کے بعد بچوں سمیت گھر واپس جا رہے تھے، اسی دوران یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔


Share: