ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دو روزہ کارڈیک کیمپ کے لیے تمام 1,050 رجسٹریشن مکمل، ڈاکٹر علی فیضل سمیت ممتاز ماہرینِ قلب پہنچ رہے ہیں بھٹکل

دو روزہ کارڈیک کیمپ کے لیے تمام 1,050 رجسٹریشن مکمل، ڈاکٹر علی فیضل سمیت ممتاز ماہرینِ قلب پہنچ رہے ہیں بھٹکل

Wed, 15 Jul 2026 02:22:10    S O News
دو روزہ کارڈیک کیمپ کے لیے تمام 1,050 رجسٹریشن مکمل، ڈاکٹر علی فیضل سمیت ممتاز ماہرینِ قلب پہنچ رہے ہیں بھٹکل

بھٹکل 14 جولائی (ایس او نیوز): انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کی جانب سے منعقد کیے جانے والے مفت جامع کارڈیک ہیلتھ چیک اپ کیمپ ’’ون ہارٹ – ون لائف‘‘ کے لیے تمام 1,050 رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہیں، جس کے بعد مزید اندراج بند کر دیا گیا ہے۔ دو روزہ یہ کیمپ 18 اور 19 جولائی کو بھٹکل کے بندر روڈ، تھرڈ کراس پر واقع ایم ایم صدیق ہال میں منعقد ہوگا۔

بھٹکل مسلم جماعتوں کی اندرونِ ہند مختلف ریاستوں اور شہروں میں قائم تنظیموں کی امبریلا باڈی انڈین نوائط فورم (INF) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس کیمپ کا مقصد دل کے امراض کی بروقت تشخیص، بروقت علاج اور عوام میں امراضِ قلب سے متعلق بیداری پیدا کرکے احتیاطی طبی نگہداشت (Preventive Cardiac Care) کو فروغ دینا ہے۔

Click here for report in English 

منگل کے روز منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی این ایف کے جنرل سیکریٹری عادل ناگرمٹ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں خصوصاً نوجوانوں میں دل کے امراض اور اچانک دل کا دورہ پڑنے سے اموات میں تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی این ایف گزشتہ ڈیڑھ برس سے اس مسئلے کا سنجیدگی سے مطالعہ کر رہی ہے تاکہ بظاہر صحت مند نظر آنے والے نوجوانوں میں اچانک دل کے دورے سے ہونے والی اموات کی وجوہات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس خصوصی کیمپ کا مقصد کسی اسپتال یا ڈاکٹر کی تشہیر نہیں بلکہ خالصتاً عوامی خدمت ہے۔ “ہم چاہتے ہیں کہ بالخصوص نوجوان کسی ہچکچاہٹ کے بغیر دل کے ماہرین سے رجوع کریں، بروقت طبی جانچ کرائیں اور اگر کوئی مسئلہ ہو تو ابتدائی مرحلے میں اس کی تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔”

اس کیمپ میں کرناٹک اور کیرالہ کے ممتاز ماہرینِ امراضِ قلب اپنی تجربہ کار طبی ٹیموں کے ساتھ خدمات انجام دیں گے، جبکہ تقریباً 30 سے 35 افراد پر مشتمل طبی عملہ بھی کیمپ میں شریک ہوگا۔

19 جولائی کو ماہرینِ امراضِ قلب کی جانب سے خصوصی معائنہ ڈاکٹر علی فیضل، بانی و سربراہ مائی ہارٹ سینٹر فار کارڈیک کیئر، کالیکٹ، ڈاکٹر یوسف کمبلے، منیجنگ ڈائریکٹر و سینئر انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ، انڈیانا ہاسپٹل اینڈ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ، منگلورو، اور ڈاکٹر سلمان صلاح الدین، سینئر انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ، آسٹر میمس ہاسپٹل، کالیکٹ اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ انجام دیں گے۔

18 جولائی کو ابتدائی طبی معائنہ اور اسکریننگ سینئر فزیشنز ڈاکٹر آدتیہ بھردواج، ڈاکٹر لتا (انڈیانا ہاسپٹل) اور ڈاکٹر سراج الدین (مائی ہارٹ، کالیکٹ) کریں گے۔ طبی معائنہ، مریض کی میڈیکل ہسٹری اور ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر صرف ان افراد کو اگلے دن ماہرینِ امراضِ قلب کے پاس بھیجا جائے گا جنہیں مزید خصوصی جانچ کی ضرورت ہوگی۔

کیمپ کے کنوینر اور آئی این ایف کے سیکریٹری سید غفران لنکا نے بتایا کہ 8 جولائی کو شروع ہونے والی رجسٹریشن 14 جولائی سے قبل ہی مکمل ہو گئی، حالانکہ منتظمین کو ابتدا میں صرف 400 سے 500 افراد کی شرکت کی توقع تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق رجسٹریشن کروانے والے 1,050 افراد میں سے 141 پہلے سے امراضِ قلب میں مبتلا ہیں، جن کا 19 جولائی کو براہِ راست ماہرینِ امراضِ قلب معائنہ کریں گے، جبکہ دیگر تمام شرکاء پہلے مرحلے میں فزیشنز سے طبی جانچ کرائیں گے۔

غفران لنکا کے مطابق بھٹکل کی نامزد لیبارٹریوں میں کیمپ سے قبل لازمی خون کے ٹیسٹوں کا تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ جن رجسٹرڈ افراد نے ابھی تک خون کا ٹیسٹ نہیں کرایا ہے، انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 16 جولائی شام 7 بجے سے پہلے ویلفیئر اسپتال کی لیبارٹری یا میڈی لیب ڈائگناسٹک، نور مسجد کے عقب، بھٹکل میں اپنا ٹیسٹ لازماً مکمل کرائیں۔ خون کے ٹیسٹ کی رپورٹس صرف کیمپ کے مقام پر متعلقہ ڈاکٹروں کو فراہم کی جائیں گی اور انہی کی بنیاد پر طبی مشاورت کی جائے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ابتدائی اسکریننگ کے بعد تقریباً 90 فیصد شرکاء میں کسی سنگین قلبی بیماری کی تشخیص نہیں ہوگی، تاہم اگر کسی اور بیماری کی نشاندہی ہوتی ہے تو انہیں مناسب طبی مشورہ اور علاج کے لیے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

منتظمین نے تمام رجسٹرڈ شرکاء سے اپیل کی ہے کہ انہیں موبائل فون پر ارسال کیے گئے ٹوکن وقت کے مطابق مقررہ وقت سے کم از کم 15 منٹ قبل کیمپ میں پہنچیں، اپنی گاڑیاں صرف مختص پارکنگ مقامات پر کھڑی کریں، نظم و ضبط برقرار رکھیں اور اپنی باری کا صبر و تحمل کے ساتھ انتظار کریں تاکہ کیمپ کے انتظامات خوش اسلوبی سے انجام دیے جا سکیں۔

پریس کانفرنس میں آئی این ایف کے انتظامی رکن تنویر موٹیا بھی موجود تھے۔

  Watch video about camp


Share: