کانپور، 18؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍ آئی این ایس انڈیا)ایودھیا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مجوزہ میوزیم پر نشانہ لگاتے ہوئے اترپردیش حکومت کے کابینی وزیر شیو پال یادو نے آج کہا کہ اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات آ گئے ہیں اب تو بی جے پی کو رام اور ایودھیا یاد آئیں گے ہی۔ان سے جب کہا گیا کہ اترپردیش حکومت بھی رام لیلا تھیم پارک بنا رہی ہے؟ اس سوال کو ٹالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے گزشتہ انتخابات کے وقت جو بھی وعدے کئے تھے وہ پورے کئے۔یادو آج کانپور کے مضافات میں واقع مہربان سنگھ کے گاؤں پرانے سماج وادی لیڈر ہری موہن سنگھ یادو کی یاد میں منعقد پروگرام میں حصہ لینے آئے تھے۔پروگرام میں افراتفری کا عالم یہ تھا کہ سماج وادی پارٹی کے کارکنوں کی اسٹیج پر زبردست بھیڑ کے شورشرابے سے ان کی تقریر تک عوام ٹھیک سے نہیں سن سکی۔یادو آج صحافیوں سے بات کرنے کے موڈ میں نہیں تھے۔پروگرام کے ختم ہو جانے کے بعد جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ایودھیا میں بھگوان رام کی یاد میں رامائن میوزیم بنا رہی ہے تو اس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے بس اتنا کہا کہ انتخابات آ گئے ہیں اب تو بی جے پی کو رام اور ایودھیا یاد آئیں گے ہی، جو ابھی تک انہیں یاد نہیں آئیں۔ان سے کہا گیا کہ اتر پردیش حکومت بھی تو ایودھیا میں رام لیلا تھیم پارک بنا رہی ہے اس سوال کو ٹالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوپی حکومت نے انتخابات سے پہلے جو وعدے کئے تھے وہ تمام پورے کر دئے ہیں۔اس سے پہلے شیو پال نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کو کمزور کرنے میں لگے لوگوں کو بخشا نہیں جائے گا۔پارٹی کو کسی بھی قیمت پر کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔انتخابات آگئے ہیں پارٹی کارکنان پارٹی کو مضبوط کرنے میں لگ جائیں۔انہوں نے چودھری ہری موہن سنگھ یادو کے سماج وادی پارٹی میں شراکت کو بھی یاد کیا۔