ہوناور، 22 / فروری (ایس او نیوز) ہوناور تعلقہ کے منکی پٹن پنچایت میں صفائی کرمچاریوں کی جو اسامیاں خالی تھیں ان کی بھرتی میں گڑبڑی کا الزام لگاتے ہوئے مقامی لوگوں نے پٹن پنچایت دفتر کا محاصرہ کیا اور زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
احتجاجی مظاہرین کا الزام تھا کہ پٹن پنچایت میں خالی اسامیوں کی بھرتی کے تعلق سے عوام کو مناسب معلومات دئے بغیر مقامی ایم ایل اے سنیل نائک کی من مرضی کے مطابق ان کی اپنی پسند کے لوگوں کو ان عہدوں پر بھرتی کیا گیا ہے ۔ جملہ 29 خالی اسامیوں کے لئے صرف 32 درخواستیں لے کر بھرتی کی کارروائی غیر شفاف انداز میں عجلت کے ساتھ پوری کی گئی ہے ۔ مظاہرین نے ایم ایل اے سنیل نائک کے خلاف اپنے غصہ اظہار کیا اور ان پر ترقیاتی کاموں میں جانبداری اور گھپلے بازی کے الزامات لگائے ۔ حکومت، مقامی ایم ایل اے اور پنچایت افسران کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ اب تک پٹن پنچایت کے انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے اراکین منتخب نہیں ہوئے ہیں ۔ ایسی حالت میں ایم ایل اے سنیل نائک اپنے خصوصی اختیارات کا بے جا استعمال کر رہے ہیں ۔ گھروں کی تقسیم ، ملازمت کی بھرتیاں اور ایسی دوسری سرکاری سہولتیں فراہم کرنے میں دھاندلیاں کی جا رہی ہیں ۔ ضرورت مند عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے افسران اور ایم ایل اے کی ملی بھگت سے بااثر اور ایم ایل اے کے قریبی افراد کو راحت پہنچائی جا رہی ہے ۔
احتجاجیوں نے مطالبہ کیا کہ فوراً اس کارروائی کو منسوخ کیا جائے اور نئے سرے سے درخواستیں طلب کرنے کے بعد اسامیوں کی بھرتی کی جائے ۔ عوام کو سرکاری سہولتیں فراہم کرنے میں پنچایت افسران کی طرف سے کی جارہی دھاندلیوں پر ان کے خلاف کارروائی ہو اور تمام پنچایت افسران کا تبادلہ کیا جائے ۔
اس موقع پر پٹن پنچایت کی ایڈمنسٹریٹیو آفیسر اوشا پاوسکر نے مظاہرین سے کہا کہ آپ لوگوں کا جو مسئلہ ہے اسے تحریری طور پر ہمیں دیں گے تو ہم ضلع ڈپٹی کمشنر کے ذریعہ اسے حل کریں گے ۔ اسامیوں کی بھرتی کی کارروائی روکنا یا اس تعلق سے نیا حکم جاری کرنا ہمارے اختیار کی بات نہیں ہے۔
احتجاجی مظاہرین نے ایک میمورنڈم دیا جس میں اسامیوں کی بھرتی کو منسوخ کرتے ہوئے کچھ دنوں کی مہلت کے ساتھ نئی درخواستیں طلب کرنے اور ترقیاتی کاموں کی عمل پیرائی میں ہوئی دھاندلیوں کو درست کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
اس موقع پر کانگریسی لیڈر چندر شیکھر گوڈا اور دیگر لیڈران کے علاوہ مقامی عوام کی بڑی کثیر تعداد موجود تھی ۔ مظاہرے کے دوران امن و امان بنائے رکھنے کے لئے ڈی وائی ایس پی شریکانت کے، بھٹکل اور ہوناور کے سی پی آئی ، منکی پی ایس آئی اور عملہ بڑی تعداد میں موجود تھا ۔