ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہنگری میں مہاجروں کو لاتیں مارنے والی رپورٹر کو سزا

ہنگری میں مہاجروں کو لاتیں مارنے والی رپورٹر کو سزا

Sat, 14 Jan 2017 12:51:54    S.O. News Service

ہنگری،13جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پیٹرا لازسلو نامی اس خاتون رپورٹر کو ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ سزا دی گئی۔ انٹرنیٹ پر وائرل ہو جانے والی اس ویڈیو میں یہ خاتون رپورٹر دوڑتے ہوئے مہاجرین کو لاتیں مار کر گراتی اور ان کی فلم بندی کرتی دکھائی دے رہی تھی۔ایک نامعلوم مقام سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شریک یہ رپورٹر روتے ہوئے اپنا دفاع کرنے کی کوشش کرتی رہی۔ سزا سنائے جانے کے بعد اس خاتون رپورٹر نے کہا کہ وہ اس سزا کے خلاف اپیل کرے گی۔جج ایلس ناناسی نے عدالتی سماعت کے دوران کہا کہ لازسلو نے سماجی رویوں کی خلاف ورزی کی اور ان کی جانب سے دفاع میں دیے جانے والے دلائل اور حقائق آپس میں میل نہیں کھاتے۔

یہ واقعہ آٹھ ستمبر 2015کو رازکے کے علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے مہاجرین ہنگری کی سرحد عبور کرنے اور مغربی یورپ کی جانب جانے کی تگ و دو میں تھے۔ جب یہ خاتون رپورٹر فلم بندی کر رہی تھیں، ٹھیک اسی دوران مہاجرین پولیس کی رکاوٹیں توڑتے ہوئے سرحد عبور کرنے لگے۔ اس دوران ایک تیسری آنکھ سے بنائی گئی فلم میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا کہ اس خاتون رپورٹر نے پہلے ایک دوڑتی ہوئی چھوٹی سی بچی کو ٹانگ اڑا کر گرانے کی کوشش کی اور پھر ایک اور مہاجر کو اسی طرح گرایا، جس نے اپنے بازوؤں میں اپنے بچے کو اٹھا رکھا تھا۔ لازسلو نے عدالت میں کہا، یہ سب دو سیکنڈ میں ہوا۔ ہر کوئی چیخ رہا تھا۔ یہ خوف ناک صورت حال تھی۔ یہ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد انٹرنیٹ ٹی وی این ون نے اس رپورٹر کو نوکری سے نکال دیا تھا۔اس خاتون رپورٹر کا کہنا ہے کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور اسی تناظر میں وہ خود عدالتی کارروائی میں شریک نہیں ہوئی، بلکہ ویڈیو لنک کے ذریعے اس کا حصہ بنیں۔عدالت نے اس مقدمے کی سماعت کے دوران ویڈیو کا ایک ایک فریم دیکھا، اس دوران لازسلو سے سوالات پوچھے جاتے رہے۔


Share: