نئی دہلی،22/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) اڈانی گروپ کی مشکلات تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ آج بھی اڈانی گروپ کے شیئرس میں گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ گروپ کے سبھی 10 لسٹیڈ شیئرس میں زبردست گراوٹ ہے۔ خبروں کی مانیں تو اڈانی گروپ کے شیئرس میں گراوٹ سے آج 40 ہزار کروڑ روپے کے ویلویشن کا نقصان دیکھا جا رہا ہے۔
بی ایس ای پر اڈانی انٹرپرائزیز کا شیئر 9.31 فیصد ٹوٹ گیا۔ اڈانی پاور، اڈانی ٹرانسمیشن، اڈانی ٹوٹل گیس اور امبوجا سیمنٹس... سبھی شیئرس 5 فیصد نیچے آ گئے۔ اڈانی گرین انرجی 4.99 فیصد، اڈانی ولمر 4.99 فیصد اور این ڈی ٹی وی 4.45 فیصد کے نقصان میں ہے۔ اڈانی پورٹس کا شیئر 4.38 فیصد اور اے سی سی تین فیصد کے نقصان میں کاروبار کر رہا تھا۔ صبح کے کاروبار میں گروپ کی کئی کمپنیوں کے شیئرس اپنی نچلی سطح کو چھو گئے۔
غور طلب ہے کہ امریکی کمپنی ہنڈن برگ ریسرچ کی اڈانی گروپ کے اوپر رپورٹ کے بعد سے ہی اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے شیئرس میں گراوٹ کا سلسلہ شروع ہوا، جو اب بھی جاری ہے۔ یہ رپورٹ 25 جنوری کو سامنے آئی تھی۔ تب سے لے کر اب تک اڈانی گروپ کی 10 کمپنیوں کا مارکیٹ کیپ 11.5 لاکھ کروڑ روپے سے گھٹ کر 7.69 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔