ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہلیال: سابق ودھان پریشد رکن گھوٹنیکر کا نگریس  چھوڑ کر ہوگئے جنتا دل میں شامل 

ہلیال: سابق ودھان پریشد رکن گھوٹنیکر کا نگریس  چھوڑ کر ہوگئے جنتا دل میں شامل 

Tue, 21 Feb 2023 20:45:30    S.O. News Service

ہلیال،21 / فروری (ایس او نیوز) ودھان پریشد کے سابق رکن ایس ایل گھوٹنیکر نے بالآخر کانگریس کا ہاتھ چھوڑ کر جنتا دل ایس کا ساتھ نبھانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اپنا سیاسی خیمہ بدل دیا ہے ۔
    
ہلیال علاقہ کو ضلع شمالی کینرا میں سیاسی اتھل پتھل اور لیڈروں کی آپسی چپقلش کا ایک بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے  ۔ یہاں پر گزشتہ کئی دہائیوں سے  کانگریس کے سینئر لیڈر آر وی دیشپانڈے کی سیاسی پکڑ مضبوط رہی ہے اور اسی وجہ سے یہاں اکثر کانگریس کے لئے مسائل بھی کھڑے ہوتے رہے ہیں ۔ اس سے پہلے دیشپانڈے اور مارگریٹ آلوا کی گروپ بندی اور رسہ کشی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے ۔ حالیہ دنوں میں سابق وزیر دیشپانڈے اور سابق رکن اسمبلی سنیل ہیگڈے کے درمیان کھینچا تانی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ مگر اب اپنی اچھی خاصی سیاسی ساکھ رکھنے والے گھوٹنیکر نے باضابطہ طور پر جے ڈی ایس میں شمولیت اختیار کی ہے تو پھر آنے والے الیکشن میں وہ جے ڈی ایس کے امیدوار بن کر میدان میں اتر سکتے ہیں اور اس وجہ سے اس حلقہ میں کانگریس ، جے ڈی ایس اور بی جے پی کے درمیان کڑا تکونی مقابلہ ہونے کے آثار پیدا ہوئے ہیں ۔ 
    
یاد رہے کہ گھوٹنیکر کو سیاسی محاذ پر آر وی دیشپانڈے کے شاگرد خاص کے طور پہچانا جاتا ہے ۔ اس سے پہلے گھوٹنیکر اپنے سیاسی گرو دیشپانڈے کے لئے تشہیری مہم چلانے میں آگے آگے رہتے تھے ۔ لیکن گزشتہ دو سال سے ان دونوں کے درمیان اندرونی کشمکش شروع  ہوگئی ۔
    
حالیہ دنوں میں گھوٹنیکر نے کبھی  کانگریس پارٹی سے اسمبلی الیکشن میں امیدوار بننے کا ارادہ ظاہر کیا تو کبھی بی جے پی میں شامل ہونے کی کوشش کی ۔ لیکن جب یہ دونوں باتیں ممکن نہیں ہو سکیں تو انہوں نے بالآخر سابق وزیر اعلیٰ کمارا سوامی کی قیادت میں جنتا دل ایس میں شمولیت اختیار کر لی ۔  حالانکہ جنتا دل ایس کے لئے بظاہر اس علاقے میں کوئی مضبوط بنیاد نظر نہیں آتی ، لیکن ماضی میں سنیل ہیگڈے نے اسی حلقہ سے جنتا دل کے ٹکٹ پر جیت حاصل کی تھی ۔ اس کے علاوہ کمارا سوامی کے حامی افراد کثیر تعداد میں اس علاقہ میں موجود ہیں  اور کسان طبقہ کی حمایت جے ڈی ایس کے نام پر گھوٹنیکر کو مل سکتی ہے ۔ اس کے باوجود سیاسی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ پورے ضلع میں جے ڈی ایس کی سیاسی پوزیشن کمزور ہے اور ہلیال اسمبلی حلقہ میں بھی کوئی خاص استحکام نہیں ہے ۔ مراٹھا ووٹرس کی حمایت جے ڈی ایس کو ملنے کے بارے میں یقین سے کہنا مشکل ہے ۔ اس لئے جے ڈی ایس امیدوار کے طور پر گھوٹنیکر کے لئے جیت کا راستہ آسان نہیں ہے ۔ 


Share: