ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہائی کورٹ نے بی جے پی ایم پی چھیدی پاسوان کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کی

ہائی کورٹ نے بی جے پی ایم پی چھیدی پاسوان کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کی

Thu, 28 Jul 2016 21:01:35    S.O. News Service

پٹنہ،28؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ہائی کورٹ نے جمعرات کوایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے بی جے پی کے ایم پی چھیدی پاسوان کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کردی ہے ۔پاسوان بہار کے سہسرام سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ان پر حلف نامے میں معلومات چھپانے کا الزام ہے۔انہوں نے لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار کو شکست دی تھی۔پٹنہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے منڈل کے سنگل بنچ نے سہسرام کے رہائشی گنگا مشرا کی درخواست پرسماعت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ چھیدی پاسوان کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔گنگا مشراکے وکیل منورنجن کمار ورما نے بتایا کہ درخواست میں ایم پی پر حلف نامہ میں مجرمانہ معاملے کی معلومات چھپانے کاالزام لگایا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ2006میں رکن پارلیمنٹ کے خلاف درج مقدمہ کا پرچہ نامزدگی کے وقت حلف نامہ میں ذکر نہیں کیا گیا تھا جو ضابطہ کے خلاف ہے۔فیصلہ آنے کے بعد پاسوان نے فون پر کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے حالانکہ یہ بھی کہا کہ 2006میں وہ مقامی درگاوتی منصوبے کو لے کر دھرنے پربیٹھے تھے۔اسی معاملے کو لے کر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ابھی تک الزام بھی طے نہیں کئے گئے ہیں۔پاسوان نے کہا کہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ تھا، مجرمانہ معاملہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹنہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وہ سپریم کورٹ جائیں گے۔غور طلب ہے کہ چھیدی پاسوان نے 2014میں کانگریس امیدوار میرا کمار کو شکست دی تھی۔سابق لوک سبھا اسپیکر اور گزشتہ انتخابات میں سہسرام سے کانگریس کی امیدوار میرا کمار نے اس فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی سے ہی ان کا عدالت پر اعتماد رہا ہے اور اس فیصلے سے ان کا اعتماد مزید مضبوط ہو گیا ہے۔


Share: