ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس غریبوں کے حق میں کام کرتی ہے اور بی جے پی اڈانی جیسے دوستوں کے لئے: کھرگے

کانگریس غریبوں کے حق میں کام کرتی ہے اور بی جے پی اڈانی جیسے دوستوں کے لئے: کھرگے

Sat, 11 Feb 2023 20:01:00    S.O. News Service

رانچی،11؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایس بی آئی اور ایل آئی سی کا پیسہ اپنے دوست اڈانی کو غلط طریقہ سے دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عام آدمی کا پیسہ ہے، جس کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں اس پر سوال اٹھے لیکن وزیر اعظم مودی نے جواب دینا تو دور اڈانی کا نام تک نہیں لیا، انہوں نے جھوٹ اور حربوں کی تمام حددود عبور کر لی ہیں۔

کانگریس صدر کھرگے ہفتہ کو جھارکھنڈ کے پاکوڑ اسمبلی حلقہ کے گومانی (سری کُنڈ) ہائی اسکول کے میدان پر کانگریس کی ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کے آغاز کے بعد عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ رسوئی گیس سلنڈر تک بھروانے میں لوگوں کے پسینے چھوٹ رہے ہیں۔ ملک میں 71 ہزار اسکولوں کو مودی جی نے بند کرا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی بار بار غریبوں کی بات کرتے ہیں لیکن وہ غریبوں کو ختم کرنے میں مصروف ہیں۔ کھڑگے نے کہا ’’ہم نے پارلیمنٹ میں غریبوں کی بات کی تو ہماری تقریر کو غیر پارلیمانی قرار دے دیا گیا۔ ہم ملک میں کسانوں کے لئے لڑ رہے ہیں، مزدوروں کے لئے لڑ رہے ہیں لیکن بی جے پی اپنے دوستوں کے لئے کام کر رہی ہے۔‘‘

کھڑگے نے کہا کہ ریاست (جھارکھنڈ) میں ہیمنت سورین کی قیادت میں جو حکومت چل رہی ہے، اس نے بڑے کام کر کے دکھائے ہیں۔ ہم متحد ہو کر چلیں گے تو مودی جو دکھا دیں گے کہ ہم ان کی من مرضی کے خلاف ہیں۔ جھارکھنڈ میں اس مہم کے آغاز کو لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کی شروعات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اس تقریب میں کانگریس کوٹے کے تمام وزرا، ارکان اسمبلی، پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداران، 24 اضلاع کے صدور اور ضلع کمیٹی کے کارکنان نے شرکت کی۔ کانگریس کے ریاستی صدر راجیش ٹھاکر نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات سے قبل اس مہم کو ہم گھر گھر تک پہنچائیں گے۔ لوگوں کو مرکزی حکومت کی کوتاہیوں، مہنگائی اور بے روزگاری سے آگاہ کریں گے۔


Share: