کاسرگوڈ ،15 / فروری (ایس او نیوز) نولّیپاڈی علاقے میں نیشنل ہائی وے کی توسیع کے لئے جے سی بی کی مدد سے مسجد کا اگلا حصہ گرانے کے دوران کئی بجلی کے کھمبے ٹوٹ گئے ۔
بتایا جاتا ہے کہ کل شام 6 بجے کے وقت مسجد کا اگلا حصہ روڈ کی توسیع کے لئے جب گرایا جا رہا تھا تو مسجد کا اونچا مینار سامنے سے گزرنے والی بجلی کے تاروں پر گر پڑا جس کی وجہ سے یکے بعد دیگرے علاقے کے دس سے زائد بجلی کے کھمبے ٹوٹ گئے اور بجلی کا سلسلہ منقطع ہوگیا ۔ جس وقت یہ حادثہ ہوا وہاں سیکڑوں لوگ نظارہ دیکھنے کے لئے جمع تھے اور سڑک پر موٹر گاڑیاں دوڑ رہی تھیں ۔
جیسے ہی یہ حادثہ پیش آیا کاسرگوڈ اور چیرکلا کے درمیان موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی ۔ کے ایس ای بی اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور پھر راستہ سے ملبے ہٹانے کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی ۔