واشنگٹن،13؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنی کابینہ اور کاروبار سے متعلق جلد ہی صحافیوں کو بتائیں گے۔ وہ کاروبار کو اپنے بیٹوں کے سپرد کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ کچھ دن بعد ہی انھوں نے ذرائع ابلاغ کو یہ بتانا تھا کہ وہ کیسے خود کو اپنے کاروبار سے علیحدہ رکھیں گے تاکہ بطور صدر اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے دوران مفادات کا تصادم نہ ہو۔ یہ پریس بریفنگ اب ملتوی کر دی گئی ہے۔ان کے ایک قریبی ساتھی نے پیر کو بتایا کہ اب یہ تفصیلات جنوری میں کسی وقت جاری کی جائیں گی۔ٹرمپ نے ٹوئٹر پر کہا کہ وہ 20جنوری سے قبل اپنا کاروبار اپنے بیٹوں ڈون اور ایرک اور دیگر عہدیداران کے سپرد کر دیں گے اور انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کے دور صدارت میں کوئی نیا (کاروباری)معاہدہ نہیں کیا جائے گا۔نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری 20جنوری کو ہو گی۔لیکن تاحال یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ کس حد تک خود کو ان کمپنیوں سے دور رکھیں گے اورنئے معاہدے نہ کرنے کے بیان کے زمرے میں کونسی کاروباری سرگرمیاں مراد ہیں۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ نو منتخب صدر کے لیے مفادات کے تصادم سے بچنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ وہ اپنی ’’گلوبل ہولڈنگز‘‘فروخت کر دیں۔