ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف چارج شیٹ داخل ، نفرت انگیز تقریر اور دہشت گردی پھیلانے کا الزام

ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف چارج شیٹ داخل ، نفرت انگیز تقریر اور دہشت گردی پھیلانے کا الزام

Fri, 27 Oct 2017 03:54:51    S.O. News Service

ممبئی 26/اکتوبر (یو این آئی/ ایس او نیوز)  قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) نے معروف اسلامی مبلغ ڈاکٹرذاکر نائک کے خلاف خصوصی عدالت میں چارج شیٹ دائر کی ہے۔ ان پر نفرت انگیز تقریروں کے ذریعے نوجوانوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے اکسانے اور فرقوں کے درمیان تفرقہ پھیلانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ آج یہاں این آئی اے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہم نے نائک کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔ فی الحال بیرون ملک مقیم 51 سالہ نائک کے خلاف دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت جانچ جاری ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں دہشت گردانہ حملہ کے بعد یکم جولائی، 2016 کونائیک کی تعلیمات سے انہیں مشتبہ شدت پسندوں کے متاثرہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔ . بنگلہ دیش میں دعوی کیا گیا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں ملوث افراد نائیک کی تقریر سے متاثر ہوئے تھے۔این آئی اے نے 18 نومبر، 2016 کو  ممبئی میں نائک کے خلاف یواے پی اے قانون اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا

ذاکر نائیک کی تنظیم 'اسلامی ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف)  کو  پہلے سے ہی مرکزی وزارت داخلہ نے غیر قانونی تنظیم قرار دیا ہے۔این آئی اے نے 58 صفحے کی رپورٹ میں یہ بات کہی ہے کہ ذاکر نائیک مفرورہے اور اس پر دیگر مذاہب کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ہے۔ذاکر نائیک کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 295۔اے (لوگوں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا)، 298 (دیگر مذاہب  پر حملہ) اور 505۔بی (لوگوں کو ریاست کے خلاف بھڑکانا) کے تحت چارج شیٹ دائر کی گئی ہیں۔


Share: