ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پنچایت صدور اور افسران کے خلاف فوجداری مقدمات درج

پنچایت صدور اور افسران کے خلاف فوجداری مقدمات درج

Tue, 03 Jan 2017 11:11:29    S.O. News Service

بنگلورو۔2؍جنوری(ایس او نیوز) ریاستی وزیر دیہی ترقیات ایچ کے پاٹل نے کہاکہ بنگلور نارتھ تعلقہ کی حدودمیں آنے والی چار گرام پنچایتوں میں ای اکاؤنٹس کو مسترد کئے جانے کے معاملے میں 14افسران اور پنچایت صدور کے خلاف کرمینل کیس درج کئے گئے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ متعلقہ پولیس تھانوں میں یہ مقدمے درج کئے گئے ہیں اور جلد ازجلد تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دھاندلیوں میں ملوث افسران اور پنچایت صدور کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے حکومت نے 14 دسمبر کو ہی احکامات صادر کردئے تھے، ان کے مطابق اب یہ قدم اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اثاثوں کے لین دین کے سلسلے میں پنچایتوں کے ای اکاؤنٹس کو منسوخ کیاگیا ہے، اس سلسلے میں شکایات موصول ہونے پر کارروائی کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ای اکاؤنٹس کے ذریعہ کارروائی کرنے کی بجائے تحریری طور پر سب رجسٹرار کے دفاتر میں اثاثوں کا تبادلہ کیاگیا ہے، اس پر روک لگانے کیلئے محکمہ نے یہ قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر بنگلور کے اطراف 11Bکے تحت اثاثوں کی خرید وفروخت کی اجازت قطعاً نہیں ہے، اس سلسلے میں تمام سب رجسٹرارس کو ہدایت جاری کی جاچکی ہے اور سب سے کہاگیا ہے کہ اس پر گہری نظر رکھیں۔ انہوں نے بتایاکہ کرناٹک گرام سوراج اور پنچایت راج ضوابط 1993 میں بھی چند ترمیمات لائی گئی ہیں۔ ان ترمیمات کو عنقریب عملی جامہ پہنایا جائے گا۔


Share: