ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ٹمکور کے ہلیار ہاسٹل میں تین بچوں کی موت کا معاملہ؛ بچوں کو زہر کھلایا گیاتھا، پوسٹ مارٹم کے دوران بچوں کے جسم سے محلول زہر کے نمونے برآمد

ٹمکور کے ہلیار ہاسٹل میں تین بچوں کی موت کا معاملہ؛ بچوں کو زہر کھلایا گیاتھا، پوسٹ مارٹم کے دوران بچوں کے جسم سے محلول زہر کے نمونے برآمد

Sat, 11 Mar 2017 01:10:10    S.O. News Service

بنگلورو۔10؍مارچ(ایس او نیوز) چکنائکنا ہلی کے ہلیار میں ایک نجی ہاسٹل میں تین بچوں کی موت کے بعد ان بچوں نے جو کھانا کھایا تھا اس کی جانچ کرائی گئی ہے، اور جانچ کے ذریعہ یہ نتیجہ سامنے آیا ہے کہ اس میں محلول زہر ملایا گیا تھا۔ اس جانچ کے بعد ہاسٹل کے عملہ پر شبہات بڑھ چکے ہیں۔ ٹمکور ضلع کے ڈسٹرکٹ ڈاکٹر ، ڈاکٹر دنیش جنہوں نے تینوں بچوں کا پوسٹ مارٹم کیا تصدیق کی ہے کہ ان بچوں کے جسم سے محلول زہر کے نشانات برآمد ہوئے ہیں۔

انہوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ بچوں کے کھانے میں کیڑا مار دوائیں یا پھر کوئی اور زہر آلود چیز دانستہ طور پر ملائی گئی ہوگی۔پوسٹ مارٹم جانچ کے بعد ان بچوں کے پاس سے برآمد نمونوں کومزید جانچ کیلئے فورنسک لیاب روانہ کیاگیا ہے۔بنگلور کے بورنگ اسپتال میں واقع فورنسک لیاب کی طرف سے پندرہ دنوں کے اندر اس کی رپورٹ بھی مل جائے گی۔ محکمۂ فورنسک سائنسس نے بھی ابتدائی جانچ کے ذریعہ تصدیق کی ہے کہ محلول زہر کے ملاوٹ کے نتیجہ میں ان بچوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ ضلع کے ایس پی ایشانت نے کہا کہ اس معاملے کی جانچ کیلئے ٹپٹور کے ڈی وائی ایس پی وینوگوپال کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے، چھ افراد کے خلاف اس سلسلے میں مقدمہ درج کیاگیا ہے، چار افراد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے، جبکہ دو ملزمین فرار ہوچکے ہیں۔ اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد تمام دستیاب نمونوں کو فورنسک لیاب روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ، تاکہ دوہری تصدیق کے بعد خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔ ایس پی نے بتایاکہ اس اقامتی اسکول میں حالانکہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں ، لیکن ان میں سے کوئی بھی کام نہیں کررہاتھا، احتیاطی طور پر پولیس نے ڈی وی آر ضبط کرلیاہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس اسکول کا سابق پرنسپال روی اس حرکت کیلئے ذمہ دار ہوسکتاہے۔ ضرورت پڑنے پر پولیس نے روی کو بھی تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔


Share: