بنگلورو۔15/دسمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے مرکزی حکومت کی طرف سے عائد نوٹ بندی کے الزام پر آج دوبارہ شدید حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی نے ملک کے سارے عوام کے پیسے پر قبضہ جما کر ملک کی ساری معیشت کو مفلوج کررکھا ہے۔ جس کے نتیجے میں وہ پہلے کی طرح فراخدلی سے کسی کی مدد بھی نہیں کرپارہے ہیں۔
آج اپنی سرکاری رہائش گاہ کاویری میں ایک بے سہارا خاتون کی طرف سے مدد کا تقاضہ کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ مودی نے نوٹ بند کرکے ملک کے سارے مال پر قبضہ جمالیا ہے۔ اسی لئے پہلے کی طرح وہ اس خاتون کی مدد نہیں کرپائیں گے۔اگر وہ چاہیں تو اسے گھر جانے کیلئے بس کا کرایہ دے سکتے ہیں۔ میسور کے ورنا اسمبلی حلقہ کے چٹ ہلی پالیہ کی کملما نے آج وزیر اعلیٰ سدرامیا سے یہ گذارش کی کہ وہ بے سہارا ہوچکی ہے، اس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، اسی لئے اس کی مدد کی جائے۔وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اس خاتون کا دکھڑا سننے کے بعد کہاکہ پہلے کی طرح وہ سب کی مالی مدد نہیں کرپارہے ہیں۔ مودی نے تمام خزانوں کو تالے لگادئے گئے ہیں۔وہ بس کا کرایہ دے سکیں گے کہ خاتون اپنے دیہات لوٹ جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ نوٹ بندی سے پہلے جو بھی ان سے مدد مانگنے کیلئے آتا وہ اس کی حتی المقدور مدد کرتے لیکن اب یہ ممکن نہیں ہوپارہاہے۔ کملما نے بعد میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اس کے تین بچے ہیں، اور مزدوری کرکے وہ ان بچوں کو پالتی ہے۔ کچھ دنوں سے کام نہ ملنے کے سبب اس کے پاس رقم بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے اس کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔اس خاتون نے کہاکہ ریاست کے وزیر اعلیٰ ہی اگر اس طرح بے بس ہوجائیں تو وہ کس سے مدد مانگے۔