ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نئی حج پالیسی ؛ حج امبارکیشن پوائنٹ میں تخفیف، محرم کے بغیر خواتین کو حج کی مشروط اجازت، کیا بحری جہازسےسفرحج ممکن نہیں ؟

نئی حج پالیسی ؛ حج امبارکیشن پوائنٹ میں تخفیف، محرم کے بغیر خواتین کو حج کی مشروط اجازت، کیا بحری جہازسےسفرحج ممکن نہیں ؟

Sat, 07 Oct 2017 21:36:02    S.O. News Service

نئی دہلی،7؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) وزارت اقلیتی امورحکومت ہند نے 2013-17کی حج پالیسی کا جائزہ لینے اور حج پالیسی 2018-22کا بنیادی ڈھانچہ کی تشکیل کے لئے ایک کمیٹی کی تشکیل دی تھی۔کمیٹی نے کل 7اکتوبر 2017 ممبئی میں اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی کواپنی رپورٹ پیش کی ،اس موقع پر سکریٹری ( اقلیتی امور ) امے سنگھ لوکھئن ،صدر انڈین حج کمیٹی محبوب علی قیصر سعودی عرب میں بھارتی سفیر احمد جاوید سمیت دیگر حج کمیٹی کے ارکان اور اقلیتی امور کے اعلی افسران موجود تھے ۔

سفر حج کے امبارکیشن پوائنٹ 21 سے گھٹا کر اب صرف نو (9)کر دینے اور 45 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو محرم کے بغیر چار خواتین کے گروپ میں سفر حج کرنے کی اجازت دینا اور محرم کے کوٹے میں اضافہ یہاں اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کو پیش کردہ نئی حج پالیسی کی اہم سفارشات ہیں۔حکومت ہند کے سابق سکریٹری افضل امان اللہ کی قیادت میں تشکیل کردہ ایک کمیٹی نے یہ تجاویز پیش کیں۔جس میں حکومت ہند سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ہندستانی عازمین حج کی پرواز کے سلسلے میں گلوبل ٹنڈر کی گنجائش پر سعودی حکومت سے بات چیت کرے۔

موجودہ رپورٹ میں جن امور کی تنسیخ و اضافہ کیا گیا ہے وہ مندرجہ ذیل ہے۔

سپریم کورٹ نے حج کمیٹی اور نجی ٹور آپریٹروں کے لئے حج پالیسی کے متعلق ہدایات کو ملحوظ رکھتے ہوئے اس کا جائزہ اور اس میں مفید  ترامیم کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ لہذا اقلیتی امور وزارت نے ایک کمیٹی کی تشکیل دی جس کے سربراہ افضل امان اللہ آئی اے ایس ریٹائرڈ ،اور جسٹس ایس ایس پاریکر بامبئے ہائی کورٹ ،قیصر شمیم آئی آر ایس ،اور سابق صدرانڈین حج کمیٹی کمال فاروقی ،معروف چارٹر اکاؤنٹینٹ اور دیگر علماء و ددانشور اس کے رکن تھے ۔ اقلیتی امور وزارت میں مشترکہ حج حکام جے کے عالم کمیٹی کے رکن سکریٹری تھے ۔ حکام و افسران اور مختلف جہتوں سے غور و خوض کے بعد کمیٹی نے جن امور کی سفارش کی ہے وہ یوں ہیں ۔

(۱) ہندستانی حج کمیٹی اور نجی ٹور آپریٹروں کے درمیان کوٹہ کی تقسیم آئندہ 5سالوں کے لئے70:30کے مطابق دونفری بنایا جائے گا ۔

(۲) ریاستوں اور مرکزی حکومت کے زیر اثر ریاستوں کے درمیان ان کی مسلم آبادی کے مطابق موصولہ درخواست کے فیصلہ مطابق کیا جائے گیا ۔

(۳) محرم کیلئے کوٹہ 200سے بڑھا کر 500کیا جائے

(۴) جموں کشمیر کے لئے خصوصی کوٹہ 1500سے بڑھا کر 2000کیاجائے

(۵) 500سے کم درخواست وصول کرنے والی ریاست / مرکز کے زیر اہتمام ریاست کو باقی سیٹوں کی تقسیم میں ترجیح دی جائے گی اس سے جزیرہ انڈمان نکوبار لکھش دیپ ، دادر اور ناگر حویلی نیز پانڈیچری جیسے مرکز کے زیر اہتمام علاقہ کے ساتھ ساتھ چھتیس گڑھ ،گوا ، ہماچل پردیش او رمنی پور جیسی چھوٹی ریاستوں کو فائدہ پہنچے گا

(۶) درخواست دہندہ کی محفوظ کیٹیگری 70+ اور چوتھی بار سفر حج کو ختم کیا جائے (۷) 45سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو محرم کے بغیر حج کیلئے چار  یا اس سے زیادہ کی جماعت میں سفر حج کی اجازت ہوگی

(۸) مکہ یا عزیزیہ اور متصل علاقوں میں صرف ایک کٹیگری کی رہائش سفری سہولیات کے ساتھ نئی کثیر منزلہ جدید عمارتوں میں کرایے پر لی جائے ۔

(۹) بعد کے سالوں میں نئی ،عمدہ ، او رکثیر منزلہ عمارتوں میں پھر کرایے پر لینے کا اہتمام کیا جائے

(۱۰) مدینہ منورہ میں تمام رہائش مرکزیہ میں ہی کرایے پر لئے جائیں

(۱۱) ہندوستانی حجاج کرام کے قیام منی کے حدود کے اندر ہی یقینی بنایا جائے

(۱۲) ہر ایک حجاج کرام کیلئے ریسونگ کوپن کو لازمی بنایا جائے

(۱۳) ٹھیکے داروں کی تنظیم کو مثبت بولی کے عمل سے توڑا جائے بہتر بات چیت سے کرایے کی قیمت کو کم کیا جائے۔

(۱۴) حجاج کے قافلہ کے فضائی پرواز کے مقامات 21 ہیں ان کی تعداد میں ترمیم کرکے 9کئے جائیں جو دہلی ، لکھنؤ ، کولکاتہ ،احمدآباد، ممبئی ، چنئی ، حیدرآباد ، بنگلور اور کوچین میں ہوں ۔ ان فضائی پرواز کے مقامات پر حج ہاؤس کی تعمیر بھی کی جائے ،ریاست / ضلع کو ہر ایک فضائی پرواز کے مقامات سے بہتر ڈھنگ سے جوڑا جائے (۱۵)بند کئے گئے فضائی پرواز کے مقام پر تعمیر شدہ  حج عمارتوں کو سال بھر تعلیم ،حجاج کرام ککی حج ٹریننگ اور مسلم طبقہ کے دوسرے فلاحی کاموں کیلئے استعمال کیا جائے ۔

کیا  بحری جہاز سے سفر حج ممکن نہیں ؟: اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے افضل امان اللہ نے پانی کے جہاز سے سفر کو نا ممکن بتایا ہے، اُنہوں نے انکار کی پہلی وجہ یہ بتائی کہ بڑے جہازوں کی تعداد بہت کم ہے جس کی وجہ سے دو یا چار جہاز بار بار چکر نہیں لگا سکیں گے اور موجودہ جہازوں میں ایک ہزار سے زیادہ حاجیوں کی تعداد نہیں آسکتی ۔ اس لئے انہوں نے پانی کے جہاز سے سفر کی خبروں کو بے بنیاد بتایا نئی حج پالیسی کے تحت جب غیر محرم کے ساتھ سفر کی سفارش کا اعلان کیا گیا تو حاضرین میں سے سخت اعتراض کا سامنا کرنا پڑا جس پر اُنہوں نے کہا کہ جس ملک میں اجازت ہے وہ اس پالیسی کا فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔ وہیں ٹور آپریٹروں کو 30فیصد سیٹیں دینے سے حج کمیٹی کو 6ہزار سیٹوں کا نقصان ہوگا۔ 70سالہ عازم حج اورمسلسل 4سال تک نمبر نہ لگنے کی صورت میں ملنے والی خصوصی سہولت کو اچانک بند کردینے سے متعلقین میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔


Share: