گریج / جموں،19؍اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم بننے کے بعد ہر سال فوج یا سکیورٹی فورسز کے درمیان دیوالی منانے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بھارتی پی ایم نریندر مودی نے اس سال جموں و کشمیر کے گریج میں فوجی نفری کے درمیان دیوالی منائی اور کہا کہ فوج کے جوان ہی ان کے خاندان ہیں۔ جب مودی آرمی یونیفارم میں پہنچے تو ایک مختلف جذبہ اور جوش دیکھنے کو ملا۔ اس موقعہ پرپی ایم مودی نے جوانوں کو مبارکباد دی اور دیوالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر پی ایم مودی نے جوانوں سے مختصر خطاب بھی کیا جس میں انہوں نے ون رینک ون پنشن کا ذکر کرکے بتایا کہ ان کی حکومت نے فوج کے 40 سال کے قدیم مطالبہ کو پورا کرکے ان کا حق ادا کیا ہے۔ فوج کی تعریف اور ان سے ملنے والے تاثرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ فوجیوں کی زندگی ریاضت اور سادگی سے معمور ہے ، جب میں آپ سے ہاتھ ملاتا ہوں تو جسم میں نئی توانائی کا احساس ہوتا ہے۔