منگلورو ،13 / فروری (ایس او نیوز) دبئی سے مینگلور ائرپورٹ اُترنے والے مسافروں سے سونا اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والوں کے پاس سے سونا برآمد کرنے اور ضبط کرنے کی وارداتیں عام تھیں، مگر اب مینگلور سے دبئی جانے کےدوران دو لوگوں کے پاس سے ہیرے ضبط کئے جانے کی واردات سامنے آئی ہے۔
میڈیا میں آئی رپورٹ کے مطابق منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ریوینیو انٹلی جنس ڈائرکٹوریٹ کے افسران نے دو مسافروں کے پاس موجود 2.6 کروڑ روپے مالیت کے ہیرے ضبط کر لیے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے عمار اور انس نامی دو مسافر دبئی کے لئے سفر کرنے والے تھے ۔ امیگریشن چیکنگ کے دوران ان کے جوتوں اور بیگ کے نیچے ہیرے چھپے ہوئے پائے گئے ۔ افسران کے مطابق یہ ہیرے ممبئی سے حاصل کیے گئے تھے اور انہیں غیر قانونی طور پر دبئی لے جایا جا رہا تھا اور افسران کی نظر سے بچانے کے لئے ہیروں کو جوتوں اور بیگ میں چھپایا گیا تھا ۔