کشن گنج ،6؍اکتوبر (پر یس ریلیز ؍ ایس او نیوز)قرآن کریم پڑھنااور اپنے بچوں کواس کی تعلیم دینانہایت مبارک عمل ہے اوراللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کوہی اس کی توفیق عطاکرتاہے،اس کے ساتھ ہی قرآنی تعلیم کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی جدوجہد کرنا مسلمانوں کادینی و علمی فریضہ ہے۔ان خیالات کا اظہارمعروف عالم دین اور دارالعلوم بہادرگنج کے استاذحدیث مفتی جسیم الدین قاسمی نے ضلع کشن گنج کے تاراباڑی چوک ،تعلیم آبادٹپو میں واقع مدرسہ صفہ میں طلباء کے تعلیمی جائزہ کے بعد منعقدہ نشست میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہاکہ اس مدرسہ کے طلباء کے تعلیمی وتربیتی جائزہ کے دوران محسوس ہواکہ یہاں گجرات کے طرز پرقابل وتجربہ کار اساتذہ کے ذریعہ نورانی قاعدہ اجراکے ساتھ قواعد کویادکرواتے ہوئے تجویدکے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم کانہایت معیاری نظام ہے،اس کے علاوہ اس مدرسہ میں سنتِ نبویﷺکے مطابق طلباء کی تربیت،نمازکے فرائض و سنن اور مستحبات کویادکروانے اوران کی عملی مشق کے ساتھ شب وروزکی مسنون دعائیں یادکروانے کابھی خاص اہتمام کیاجانا وقت کی اہم ضرورت کی تکمیل ہے۔مفتی صاحب نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے کم عمر اور معصوم طلباء نہ صرف بہترین انداز میں،تجویدکی رعایت کرتے ہوئے قرآن کی تلاوت کرتے ہیں بلکہ درجہ حفظ کے طلباء کی یادداشت بھی ٹھوس ہے ،ساتھ ہی یہاں ماہانہ مسابقہ و امتحان کابھی باقاعدہ اہتمام ہے۔ ملی فاؤنڈیشن کے سکریٹری مولانا نوشیر احمد نے کہاکہ قرآن پاک وہ مقدس کتاب ہے جس کو دیکھنا، سننااور پڑھنا باعثِ اجروثواب ہے،قرآن مجید کا کرشمہ ہے کہ وہ چھوٹے سے چھوٹے بچوں کے سینے میں بھی محفوظ ہوجاتاہے اوراس کاحفظ کرنا آسان ہوتاہے۔کولکاتہ بنیاپوکھر بڑی مسجد کے نائب امام مولانا شمیم مظاہری نے کہاکہ مجھے یہ دیکھ کر دلی خوشی ہوئی کہ اس مدرسے میں نہ صرف عمدہ اور معیاری تعلیم کا نظم ہے،بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی اعلیٰ تربیت ،نگرانی،طلباء کے لباس،جسم اور وضع قطع کی صفائی وستھرائی پربھی بھرپورتوجہ دی جاتی ہے، سنت رسولﷺاور بزرگانِ دین کے نقشِ قدم پرچلنے کی تلقین کی جاتی ہے،تاکہ ان کی زندگیوں میں شروع سے ہی نیک لوگوں کے اوصاف پیداہوجائیں اور وہ ملک وسماج کے لیے نفع بخش ثابت ہو سکیں۔طیب ٹرسٹ کے ترجمان مولانا شاہ نواز بدرقاسمی نے کہاکہ دنیابھرمیں مسلمانوں کی حالت نہایت خستہ ہے اوروہ ہر شعبے میں زوال کاشکارہیں،جسے دورکرنے کا ایک واحد ذریعہ یہ ہے کہ ہم قرآنِ کریم کی طرف رجوع کریں اور اپنی نسلوں کوقرآن وسنت کی تعلیم دلائیں۔ مولانااحسان ندوی نے کہاکہ بزرگ عالم دین حضرت مولانا اسرارالحق قاسمی (ایم پی) لائق مبارکباد ہیں کہ ان کی سرپرستی میں ملک کے مختلف حصوں میں مکاتب دینیہ اورلڑکیوں کی تعلیم و تربیت کے لئے پردہ کے مضبوط اہتمام کے ساتھ تعلیم آبادٹپومیں اقامتی ادارہ ملی گرلزاسکول چل رہا ہے ، ساتھ ہی ان کی سرپرستی میں مدرسہ صفہ کی شکل میں علاقے میں ایک معیاری مدرسہ قائم ہواہے۔ اس موقع پرمدرسہ بدرالعلوم پھول گاچھی کے مولانا مسعود اختر قاسمی نے طیب ٹرسٹ اور ملی فاؤنڈیشن کی ریلیف ٹیم کا شکریہ اداکیاجو بہار کے سیلاب زدگان کی امداد و راحت رسانی کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر اہم خدمات انجام دے رہی ہیں۔اخیر میں قاری عمر فاروق مظاہری نے مدرسہ کے تعلیمی وتربیتی نظام اورشب وروز کے معمولات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے مہمانوں کاشکریہ اداکیا۔ شرکاء میں مولانا محمود ندوی ،قاضی عارف قاسمی ، قاری اظہار،فہدعالم اورحاجی مرآۃ الحق وغیرہ کے نام قابلِ ذکرہیں۔