بنگلورو۔18دسمبر(ایس اونیوز)آئندہ انتخابات میں کامیابی کیلئے جے ڈی ایس پوری جدوجہد کرے گی ۔ اس کیلئے جو بھی ضروری اقدامات ہوسکتے ہیں کئے جائیں گے ۔ پارٹی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے جے ڈی ایس کے صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا کہ گزشتہ برسو ں کے مقابلہ شہر کی آبادی بہت بڑھ چکی ہے ، اس لئے ان کی پارٹی اس پر خصوصی توجہ دے گی اوربیرونی ریاست سے آئے ہوئے لوگوں کی توجہ پارٹی کی جانب کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ کمار سوامی نے کہا کہ بہت بڑی تعداد غیر کنٹریگاز کی ہیں جو شہر میں مقیم ہیں اور انہوں نے یہاں کی شہریت حاصل کرلی ہے ۔ اس لئے جے ڈی ایس لیڈران ان لوگوں سے مل کر پارٹی کیلئے ووٹ طلب کریں گے ۔ مسٹر کمار سوامی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کو ضرور کامیابی ملے گی ۔واضح ہو کہ 2روزہ پارٹی میٹنگ میں شہر کے تمام 28اسمبلی حلقوں سے پارٹی لیڈروں نے شرکت کی تھی ۔ جس میں تمام نے پارٹی کی ترقی کیلئے کام کرنے کا عہد کیا ۔ جے ڈی ایس لیڈر کمار سوامی نے کہا کہ لوگوں کو پارٹی سے روشنا س کرایا جائے گا ۔ تاکہ لوگوں کو اس جانب متوجہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بہت سارے فلاحی کام ابھی تک زیر التواء ہیں ۔ ریاستی حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کما رسوامی نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک ایک اہم مسئلہ ہے ۔ فوری طور پر اس کاحل نہیں کیا گیا تو معاملہ مزید بگڑ سکتا ہے ۔ شہر کی اہم شاہراہوں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ بروقت اقدامات کے ذریعہ ان شاہراہوں کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ اہم سڑکوں کی خستہ حالی کے سبب راہگیروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بی جے پی کے دور اقتدار میں وزراء کی لوٹ مار کے سلسلہ میں انہو ں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یڈیورپا اور ان کے ساتھیوں نے تمام اہم پروجیکٹ کی شروعات کیں مگر اس پر عمل آوری نہیں ہوئی ۔ ترقیاتی پروجیکٹ کے نام پر خزانہ کا غلط استعمال کیا گیا ۔ اس وقت کے وزراء نے دولت بٹورنے کا کام کیا ۔ واضح ہو کہ حال ہی میں ایک پارٹی میٹنگ کے دوران جے ڈی ایس سپریمو ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہا تھا کہ رکن اسمبلی اے کے گوپالیہ نے کمار سوامی سے معافی مانگ لی ہے ۔ حالانکہ انہیں پارٹی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر برطرف کردیا گیا ہے ۔ اسکے باوجود پارٹی کے بینر تلے مہا لکشمی لے آؤٹ میں ترقیاتی کام کیا جارہا ہے ۔
آئندہ انتخابات میں خاندان کو دوررکھنے کا اعلان: جے ڈی ایس کے صدر کمار سوامی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں وہ اور ان کے بڑے بھائی ریونا ہی حصہ لیں گے۔اس کے علاوہ خاندان کا کوئی فرد انتخابات نہیں لڑیں گے۔ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہا کہ ان کی بیوی انیتااور ریونا کی بیوی بھوانی بھی آئندہ انتخابات میں بطور امیدوار حصہ نہیں لیں گی۔ اپنے بیٹے فلم ادا کار نکھل گوڈا کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں اس لئے آئندہ انتخابات میں کسی طرح کاکوئی رول نہیں ہوگا۔ یہی حال ریونا کے بیٹے پرجاول کابھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈروں کو اہمیت دی جائے گی اور پارٹی کو عوام سے جوڑنے کیلئے سبھی کارکنان متفقہ طور پر کام کریں گے۔