ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / روشن بیگ کے ہمراہ تنویر سیٹھ کا شیواجی نگر کے تعلیمی اداروں اور نوبہار شاہ وقف املاک کا معائنہ

روشن بیگ کے ہمراہ تنویر سیٹھ کا شیواجی نگر کے تعلیمی اداروں اور نوبہار شاہ وقف املاک کا معائنہ

Tue, 07 Feb 2017 10:57:08    S.O. News Service

نوبہار شاہ مکان سے کسی باضابطہ کرایہ دار کو بے دخل نہیں کیا جائے گا: تنویر سیٹھ
بنگلورو،6؍فروری(ایس اونیوز) ریاستی وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کے حلقہ شیواجی نگر میں آنے والے مکان روڈ علاقہ میں موجود درگاہ حضرت نوبہار شاہ کی وقف املاک کو ترقی دینے کے سلسلے میں آج ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیمات ،اقلیتی بہبود واوقاف تنویر سیٹھ نے جناب روشن بیگ کے ہمراہ معائنہ کیا اور اس وقف املاک پر آباد لوگوں کو تیقن دیا کہ جو مکین یہاں وقف ادارہ کو باضابطہ کرایہ ادا کررہے ہیں ان کی باز آباد کاری پر پوری توجہ دی جائے گی، اور ان میں سے کسی کو بھی بے گھر ہونے نہیں دیا جائے گا۔ جناب روشن بیگ کے ساتھ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے تنویر سیٹھ نے بتایاکہ شہر کے قلب میں واقع اس 6.25ایکڑ کی وقف جائیداد کا آج انہوں نے معائنہ کیا ، یہاں کے لوگوں کو وقف بورڈ کے نام سے مختلف حلقوں سے دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ انہیں ہٹادیا جائے گا۔ تنویر سیٹھ نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی طرح کی کارروائی غیر قانونی طریقے سے یا جلد بازی میں نہیں کی جائے گی۔ یہاں معائنہ کرنے کے بعد انہیں یہ بات بتائی گئی کہ اس املاک پر 268 کرایہ دار موجود ہیں ، جو باضابطہ وقف بورڈ کو کرایہ ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کو انہوں نے ہدایت دی ہے کہ اس پوری جگہ کا نقشہ بنایا جائے، تاکہ آنے والے دنوں میں کوئی بھی فیصلہ لینے سے قبل ان تمام امور کا بغور جائزہ لیا جاسکے۔ تنویر سیٹھ نے بتایاکہ جناب روشن بیگ کی دعوت پر انہوں نے اس علاقہ کا بذات خود معائنہ کیا، تاکہ اوقافی املاک کے سلسلے میں لوگوں کے ذہنوں میں جو پریشانی ہے اسے دور کیا جاسکے۔حضرت نو بہار شاہ مکان کے احاطہ میں ایک اسکول ، ایک مدرسہ اور ایک مسجد بھی قائم ہے، ان تمام کا انہوں نے آج معائنہ کیا۔

تعلیمی اداروں کا معائنہ :اس موقع پر تنویر سیٹھ نے بتایاکہ جناب روشن بیگ کے ہمراہ انہوں نے کامراج روڈ پر واقع بلاک ایجوکیشن آفیسر کے دفتر کا معائنہ کیا ، اس کے بعد انہوں نے تمیا روڈ پر واقع رحمانیہ اسکول دیکھی اور پھر اس کے روبرو واقع کارپوریشن اسکول کی عمارت کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کارپوریشن اسکول کی عمارت کو ترقی دینے اور بڑے پیمانے پر اس کی تجدید کیلئے جناب روشن بیگ کی ہدایت کے مطابق ایک ماسٹر پلان مرتب کیاجارہاہے، محکم�ۂ تعلیمات اس ماسٹر پلان کو جلد از جلد عملی شکل دینے کیلئے کوشاں ہے، تاکہ یہاں پر تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو بہتر سے بہتر سہولیات کے ساتھ معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ فی الوقت ان عمارتوں کا انہوں نے جائزہ لے کر محسوس کیا کہ یہ بہت بوسیدہ ہوچکی ہیں اور ان کی دیکھ بھال بھی مناسب طریقہ سے نہیں ہورہی ہے۔ ان کی مرمت کیلئے جو بھی ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا محکمۂ تعلیمات اسے فوری طور پر منظور کرے گا اور اس پر کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔اس موقع پر ان وزراء کے ہمراہ بلاک ایجوکیشن آفیسر اے اے قاضی ، رمیش ، کارپوریٹر شکیل احمد، کانگریس لیڈر اشتیاق احمد اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔


Share: