نئی دہلی، 28/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) راجدھانی دہلی اور نیشنل کیپٹل ریجن (این سی آر) میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو رہی ہے۔ فی الحال، دہلی کے رہائشیوں کو ہوا کے معیار میں بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دیوالی کے قریب فضائی آلودگی کے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، اور اے کیو آئی 400 کے ہندسے کو بھی عبور کر سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو گریپ کے تیسرے مرحلے کی پابندیاں نافذ کر دی جائیں گی۔
پیشن گوئی سے اشارہ ملتا ہے کہ 28 اکتوبر سے 30 اکتوبر کے درمیان دہلی میں ہوا کا معیار 'انتہائی خراب' زمرے میں رہے گا۔ پٹاخے اور پرالی جلانے سے حالات اور بھی خراب ہو سکتے ہیں جس سے 30 اکتوبر تک آلودگی کی سطح 'سنگین' زمرے میں پہنچ سکتی ہے۔ پریشان کن بات یہ بھی ہے کہ حالیہ موسم سے متعلق حالات آلودگی کو دہلی سے دور لے جانے کے لیے سازگار بھی نہیں ہیں۔ جس کے نتیجہ کے طور پر شہر میں ٹھہری ہوئی ہوا نقصاندہ ذرّات کو ٹکائے رکھتی ہیں۔ آئی آئی ٹی ایم، پونے کے ذریعہ کی گئی پیشن گوئی سے اگلے 6 دنوں کی آلودگی کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
اس مدت کے دوران جنوب-مشرق سے آنے والی اہم سطحی ہواؤں کی رفتار 28 اکتوبر کو 8 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی امید ہے جو دھیرے دھیرے 30 اکتوبر تک 6 سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان ہو جائے گی۔ ان ہواؤں کے ساتھ صبح کہرا بھی رہے گا لیکن آسمان صاف رہے گا جس سے آلودگی کی سطح کو کم کرنے میں بہت مدد ملے گی۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کو دہلی کا اے کیو آئی 356 یعنی 'انتہائی خراب' کے زمرے میں پہنچ گیا تھا۔ ہفتہ کو یہ 255 تھا۔ 24 گھنٹے کے اندر اس میں 101 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا۔ دہلی کے زیادہ تر علاقوں کا اے کیو آئی 'انتہائی خراب' اور تین علاقوں کا 'سنگین' زمرے میں رہا۔ دہلی کے آسمان پر صبح کے وقت کہرے کی چادر بھی چھائی رہی، جس سے کچھ بھی صاف نظر نہیں آ رہا تھا۔