نئی دہلی 12 دسمبر (ایس او نیوز/ ایجنسی ) نوٹ بندی کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے نقد رقم اور سونے کی برآمدگی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے. آئے دن الگ الگ جگہوں سے بھاری مقدار میں نئے نوٹ یا سونے کے بسکٹ برآمد کئے جا رہے ہیں. پیر کو ایسی ہی برآمدگی دہلی ایئر پورٹ سے ہوئی. اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آئی جی آئی) سے 16 کلو سونے کے بسکٹ برآمد کئے گئے ہیں. اس معاملے میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے. سب سے چونکانے والی بات یہ ہے کہ سونے کے یہ بسکٹ دو بچوں کے ڈايپرس اور اُن کے تولئے میں لپیٹ کر رکھے گئے تھے. ضبط کئے گئے سونے کے بسكٹوں کی قیمت 4.28 کروڑ روپے لگائی گئی ہیے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق، پیر کو اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دو بچوں سمیت چھ مسافروں کے قبضے سے 16 کلو سونے کے بسکٹ برآمد کئے گئے ہیں۔ ان لوگوں کا تعلق گجرات کے سورت سے بتایا گیا ہے جو دبئی سے دہلی ائرپورٹ پر پیر کی صبح قریب سات بجے کی فلائٹ سے اُترے تھے۔