ٹوکیو،18؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جاپان کی پارلیمنٹ کے پچاسی اراکین پر مشتمل ایک گروپ نے آج منگل کے روز ایک متنازعہ جنگی مقبرے پر حاضری دی۔ ہر سال موسمِ خزاں میں اس مقبرے پر چار روزہ فیسٹیول منعقد کیا جاتا ہے۔ مقبرے کی حدود میں داخل ہوتے وقت اراکین پارلیمان کے گروپ کی قیادت راہب کر رہے تھے اور اندر پہنچ کر انہوں نے دوسری عالمی جنگ میں ہلاک ہونے والے جاپانی فوجیوں کے لیے دعا کی۔ جاپانی وزیر اعظم نے کل پیر کے روز اس فیسٹیول کے آغاز پر اپنی طرف سے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ اس جنگی مقبرے کو جاپان کے عسکری ماضی کا تسلسل قرار دیا جاتا ہے۔ چین اور جنوبی کوریا اِس مقبرے کے حوالے سے کئی مرتبہ اپنی گہری تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔