ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / حکومت کے خلاف زبان کھولنے پر رفسنجانی کی صاحبزادی کو 6ماہ قید

حکومت کے خلاف زبان کھولنے پر رفسنجانی کی صاحبزادی کو 6ماہ قید

Sat, 18 Mar 2017 22:32:11    S.O. News Service

تہران،18مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایران کی ایک انقلاب عدالت نے سابق صدر علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کی بڑی بیٹی فائزہ رفسنجانی کو حکومت پر تنقید کی پاداش میں چھ ماہ قید کا حکم دیا ہے۔سابق صدر مرحوم رفسنجانی کی صاحب زادی فائزہ رفسنجانی پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ اس نے حکومت اور پاسداران انقلاب کے خلاف غلط باتیں منسوب کیں۔ جھوٹ بولا، رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور ایرانی رجیم کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرتے ہوئے حکومتی اداروں اور شخصیات کی کردار کشی کی۔ ان الزامات کے تحت فائزہ پر مقدمہ چلایا گیا اور عدالت نے اسے چھ ماہ قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔اصلاح پسندوں کی مقرب نیوز ویب پورٹل ’کلمہ‘ کے مطابق تہران کی ایک عدالت نے فائزہ رفسنجانی کو چھ ماہ قید کی سزا حکومت پر تنقید کی پاداش میں سنائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق فائزہ پر الزام تھا کہ اس نے ایرانی جوڈیشل کونسل کے چیئرمین آیت اللہ علی صادق آملی لاری جانی کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب اصلاح پسندوں نے انکشاف کیا تھا کہ آملی کے 63 ذاتی بنک اکاؤٹنس میں کروڑوں کی رقوم موجود ہیں۔ نیز شہریوں کی رقوم سے حاصل ہونے والا منافع بھی ان اکاؤنٹس کو منتقل کیا جاتا ہے۔فائزہ رفسنجانی کا شمار ان ایرانی رہ نماؤں میں ہوتا ہے جو گاہے بہ گاہے حکومت وقت اور ریاستی اداروں کی کرپشن پر آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔ فائزہ کو پہلی بار جیل نہیں بھیجا گیا بلکہ وہ ماضی میں بھی حکومت پر تنقید کی پاداش میں جیلوں کی ہوا کھا چکی ہیں۔
 


Share: