بنگلورو،15/فروری(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور جنتا دل (ایس) رہنما ایچ ڈی کمارسوامی نے وعدہ کیا کہ وہ جے ڈی ایس کو ایک بار پھر اکثریت دلائیں گے اور ریاست کے لوگوں کا قرض معاف کرنے کیلئے کام کریں گے۔
انہوں نے بیلگاوی ضلع کے کڈچی اسمبلی حلقہ کے کروباگوڈی گاؤں میں منعقدہ جے ڈی ایس کنونشن سے خطاب کے دوران کہا کہ اگر اس بار جے ڈی ایس پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ہم پہلی سے بارہویں جماعت تک مفت تعلیم فراہم کریں گے۔ سرکاری اسکولوں کو ترقی دیں گے، تاکہ وہ کسی پرائیویٹ ا سکول سے کم نہ ہوں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر وہ صحت کے مسائل کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوتے ہیں تو حکومت اسپتال کا بل ادا کرے گی۔ ہر گاؤں کی پنچایت کے لئے ایک ہائی ٹیک ہسپتال بناکر وہاں 30 طبی عملے کو تعینات کریں گے جن میں تین ماہر ڈاکٹر شامل ہو ں گے۔ تعلیم اور صحت کے علاوہ جے ڈی ایس نے کسانوں سے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ جب ان کی پارٹی خود اقتدار میں آئے گی تو ان کے مسائل یقینی طور پر ختم ہوں گے۔
خیال رہے کہ جے ڈی ایس نے ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست پہلے ہی جاری کر دی ہے۔ کمارسوامی نے کہا کہ کرناٹک کے لوگ بی جے پی کی بدعنوان حکمرانی سے تنگ آچکے ہیں اور یہ بھی دیکھ چکے ہیں کہ کانگریس کس طرح عوام کے سنگین مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس لئے اس وقت جے ڈی ایس کو علاقائی پارٹی ہونے کے ناطے قبول کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ایک واحد متبادل کے طور پر جو عوام کے فائدے کے لئے کام کرے گی اور کرناٹک کے لوگوں کو صاف ستھری اور ایماندار حکمرانی فراہم کرے گی۔