ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جنگ بندی کی خلاف ورزیاں،آستانہ مذاکرات کھٹائی میں پڑنے کا اندیشہ،روس اور ترکی کا جلد اہم اجلاس متوقع

جنگ بندی کی خلاف ورزیاں،آستانہ مذاکرات کھٹائی میں پڑنے کا اندیشہ،روس اور ترکی کا جلد اہم اجلاس متوقع

Wed, 11 Jan 2017 12:17:58    S.O. News Service

دمشق10؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام میں گذشتہ 11روز سے جاری عارضی جنگ بندی ہر آنے والے لمحے زیادہ نازک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ شامی فوج اور اس کی حامی ملیشیاؤں کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث نہ صرف سیز فائرخطرے میں پڑ چکی ہے بلکہ روس اور ترکی کی مساعی سے آستانہ میں ہونے والے 23جنوری کے مذاکرات بھی کھٹائی میں پڑنے کا اندیشہ ہے۔ 30دسمبر 2016ء کو ترکی اور روس کی کوششوں سے شام میں جو جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا، وہ ایک بار پھر بم باری کی نذر ہوگیا ہے۔ دمشق کے نواحی علاقے وادی بردی میں شامی طیاروں کی مسلسل بمباری کے بعد شامی اپوزیشن نے آستانہ مذاکرات بھی معطل کردیے ہیں۔جنگ بندی کے اعلان کو ڈیڑھ ہفتہ گزر جانے کے باوجود شامی فوج نے ایک دن کے لیے بھی اس پر عمل درآمد نہیں کیا۔ اس کا واضح ثبوت وادی بردی میں اسدی فوج کی مسلسل بمباری ہے۔شامی فوج کی ننگی جارحیت کے جواب میں اپوزیشن کی جیش الحر نے بھی جوابی حملوں پرانتباہ کیا ہے۔ جیش الحر کی طرف سے ترکی کو مطلع کیا گیا ہے کہ اسدی فوج کی بمباری کے جاری رہتے ہوئے آستانہ میں مذاکرات نہیں ہوسکتے۔درایں اثناء شام میں جاری کشیدگی پر قابو پانے اور جنگ بندی پرعمل درآمد کے حوالے سے روس اور ترکی کا اہم اجلاس کسی بھی وقت منعقدہوسکتا ہے۔شام میں وادی بردی میں اسدی فوج کی مسلسل بمباری کے پر روس اور ترکی نے گہری تشویش کااظہارکیاہے۔ دونوں ملکوں کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود مسلسل بمباری سے امن وامان کی مساعی بری طرح متاثر ہوسکتی ہیں۔اطلاع ملی ہے کہ شامی اپوزیشن کے نمائندوں کی موجودگی میں روس اور ترکی کے مندوبین کا اجلاس جلد بلایا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وادی بردی میں اقوام متحدہ کے مندوبین کی رسائی یقینی بنانے اور دمشق کو پانی کی سپلائی کے لیے متعلقہ کمیٹیوں کو الفیجہ میں داخل ہونے اور پانی کی پائپ لائنیں صاف کرنے کے لیے ٹیموں کو اجازت دینے پرغورکیاجائے گا۔


Share: