ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: میں نے پارٹی وکروں کا پورا خیال رکھا ہے ۔ ایم ایل اے سنیل نائک نے گنائے اپنے کارنامے  

بھٹکل: میں نے پارٹی وکروں کا پورا خیال رکھا ہے ۔ ایم ایل اے سنیل نائک نے گنائے اپنے کارنامے  

Wed, 08 Feb 2023 21:23:27    S.O. News Service

بھٹکل،8 / فروری (ایس او نیوز) وجئے سنکلپ ابھیان کے سلسلہ کی کڑی کے طور پر بی جے پی کے ریاستی صدر نلین کمار کٹیل کی موجودگی میں منعقدہ 'پیج پرمکھ' اجلاس میں ایم ایل اے سنیل نائک نے جو خطاب کیا وہ پوری طرح انتخابی موڈ سے بھرا ہوا تھا۔ 
    
سنیل نائک نے پارٹی کارکنان سے ایسی تقریر کی کہ نلین کمار کی طرف سے ستائش کے علاوہ حاضرین کی پُرجوش تالیاں ہال میں گونجتی رہیں ۔ سنیل نے کہا کہ میں نے اپنے گزشتہ ساڑھے چار سال کی میعاد میں پارٹی کے کارکنان کا پورا خیال رکھا ہے ۔ سابقہ کانگریسی ایم ایل اے کے دور میں ہزاروں ہندو کارکنان پر مقدمات دائر ہوتے تھے ۔ لیکن میں نے اپنے دور میں اس کا خاص خیال رکھا کہ پارٹی کارکنان کو کوئی تکلیف نہ ہونے پائے ۔ میونسپالٹی میں اردو بورڈ، ٹیپو گیٹ اور راج آنگن ناگ بنا جیسے مسائل کو میں نے مستقل طور پر حل کر دیا ہے ۔ کووڈ ہو یا سیلاب ہو میں نے پارٹی کے کارکنان کو ساتھ لے کر عوام کی خدمت کی ہے۔
    
سنیل نے کہا کہ اس سے قبل کانگریسی حکومت کے دور میں صرف ایک دیشپانڈے تھے جو تنہا پورے ضلع میں دوڑ بھاگ کرتے تھے ۔ لیکن میں نے اپنے دور میں وزیر اعلیٰ، ریوینیو منسٹر، ہیلتھ منسٹر سمیت حکومت کے زیادہ تر وزیروں کو بھٹکل بلا کر یہاں کے مسائل کو حل کروانے کا کام انجام دیا ہے۔ 
    
سنیل  نائک نے  کارکنان سےآئندہ الیکشن میں بی جے پی کی جیت کو یقینی بنانے کی درخواست کرتے  ہوئے کہا کہ بھٹکل جیسے حساس علاقے میں بی جے پی کی جیت کیوں ضروری ہے ، یہ بات  بی جے پی کارکنان کو اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے۔   


Share: