ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: بیلور میں سڑک تعمیر کرنے کے مسئلہ پر رکن اسمبلی سنیل نائک اور مقامی لوگوں میں تکرار؛ سوشیل میڈیا پر وڈیو وائرل

بھٹکل: بیلور میں سڑک تعمیر کرنے کے مسئلہ پر رکن اسمبلی سنیل نائک اور مقامی لوگوں میں تکرار؛ سوشیل میڈیا پر وڈیو وائرل

Wed, 15 Feb 2023 13:02:50    S.O. News Service

 بھٹکل، 15 / فروری (ایس او نیوز) تعلقہ کے بیلور گرام پنچایت کے مارکینڈیشور میں سڑک تعمیر کرنے کے مسئلہ پر رکن اسمبلی سنیل نائک اور مقامی نوجوانوں کے بیچ  تکرار کا ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں مقامی ایم ایل اے کی سڑک کی لمبائی کے تعلق سے اعتراض کرنے والے نوجوانوں پر برستے اور دھمکی آمیز لہجے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ اس دیہات میں 1.8 کلو میٹر طویل سڑک پوری طرح خراب ہونے کی وجہ سے بڑے لمبے عرصہ سے مقامی افراد اس کی مرمت اور دوبارہ تارکول بچھانے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ اب اس سڑک کی مرمت کے لئے 25 لاکھ روپے کا فنڈ منظور ہونے کے بعد رکن اسمبلی سنیل نائک نے یہاں پر صرف 400 میٹر سڑک درست کرنے کا منصوبہ بنایا اور اس کے لئے پوجا کی رسم انجام دینے پہنچے تو کچھ مقامی نوجوانوں نے رکن اسمبلی کے سامنے بات رکھی کہ آدھی ادھوری سڑک مرمت کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہے اس سے مقامی لوگوں کا مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ اس سڑک کو مکمل طور پر درست کیا جائے ۔ 
    
نوجوانوں کے اس مطالبہ پر رکن اسمبلی سنیل نائک کا پارہ چڑھ گیا اور وہ اعتراض کرنے والے نوجوانوں سے الجھ پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک رکن اسمبلی ہوں ۔ کونسی سڑک کیسی اور کتنی درست کرنا ہے یہ میں جانتا ہوں ۔ اس سلسلے میں مجھے تم لوگوں سے پوچھنے اور سمجھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ مجھے کسی دو کوڑی کے لیڈر سے اجازت لے کر کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ میں یہ کام شروع کرنے کے لئے پوجا کی رسم ادا کررہا ہوں ۔ اب اگر تم لوگوں میں طاقت ہے تو اس کام کو روک کر دکھاو ۔ ویڈیو کلپ میں ایم ایل اے کے حمایتی ایک شخص کو اعتراض کرنے والوں کے ساتھ الجھتے اور یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ تم لوگ کانگریسی ہو اور خواہ مخواہ کام میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہو ۔ جبکہ اعتراض کرنے والے نوجوان یہ کہتے ہوئے پائے گئے کہ ایم ایل اے نے غنڈہ گردی کا رویہ اپنایا ہے ۔ 
    
سوشیل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو فوٹیج پر عوام کے ایک بڑے طبقہ میں ایم ایل اے کے تعلق سے منفی تاثر پیدا ہوگیا ہے ۔ 

 


Share: