ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : ٹی ایم سی دکانوں کی نیلامی کا تنازع - کرایہ دار اور ٹی ایم سی انتظامیہ آمنے سامنے  

بھٹکل : ٹی ایم سی دکانوں کی نیلامی کا تنازع - کرایہ دار اور ٹی ایم سی انتظامیہ آمنے سامنے  

Tue, 14 Feb 2023 12:53:56    S.O. News Service

بھٹکل، 14 / فروری (ایس او نیوز) بھٹکل ٹی ایم سی دکانوں کی نیلامی کا مسئلہ پھر ایک بار اس طرح کھڑا ہوگیا ہے کہ ٹی ایم سی کی دکانوں کے کرایہ دار اور ٹی ایم سی صدر سمیت انتظامیہ آمنے سامنے ہوگئے ہیں ۔ 
    
خیال رہے کہ کچھ دن پہلے ٹی ایم سی کی جملہ 14 خالی دکانوں کی نیلامی کا اعلان کیا گیا تھا ۔ ان میں سے کچھ دکانوں کا بڑا بھاری کرایہ بھی باقی تھا ۔ مگر نیلامی میں حصہ لینے کے لئے پیشگی ضمانتی رقم  کا ڈیمانڈ ڈرافت جمع کروانے کا آخری وقت گزر جانے کے بعد جب پتہ چلا کہ مناسب مقدار میں نیلامی میں حصہ لینے والے سامنے نہیں آئے ہیں اور ڈی ڈی جمع نہیں ہوئے ہیں تو اس کی نیلامی آئندہ کے لئے منسوخ کی گئی ۔ 
    
نیلامی کی دوسری کڑی :        اسی سلسلے کی دوسری کڑی کے طور دیگر 19 دکانوں کی نیلامی کا اعلان کیا گیا تھا ۔ ان دکانوں میں زیادہ تر کرایہ دار موجود ہیں اور باقاعدہ اپنا کاروبار چلانے کے ساتھ ٹی ایم سی کا مقررہ کرایہ بر وقت ادا بھی کر رہے ہیں ۔ اور دو چار دکانیں خالی ہیں ۔ اس نیلامی میں حصہ لینے کے لئے ضمانتی رقم کا ڈی ڈی جمع کروانے کی آخری تاریخ 6 فروری شام بجے تھا اور نیلامی کی کارروائی 7 فروری کو انجام دی جانی چاہیے تھی ۔ ان 21 دکانوں میں 9  دکانیں مسلم طبقہ کے کاروباریوں کی ہیں ۔ پتہ چلا ہے کہ مسلم اور غیر مسلم کاروباریوں نے آپس میں طے کیا تھا کہ جن دکانوں میں پہلے سے کسی کا کاروبار چل رہا ہو اس پر کوئی دوسرے طبقہ کا دکاندار بولی نہیں لگائے گا تاکہ دونوں  طبقے کے لوگ اپنا اپنا کاروبار خوش اسلوبی سے برقرار رکھ سکیں ۔
    
نیلامی میں حصہ لینے کے لئے بھاری رقم کی شرط :        کل شام احتجاج پر اترے دکانداروں کا کہنا ہے  کہ چند سال قبل نیلامی میں خواہ مخواہ بھاری بولیاں لگا کر بعد میں دکانوں کا قبضہ نہ لینے اور اپنی بولی کا کرایہ ادا نہ کرنے والوں پر قابو رکھنے کے لئے ٹی ایم سی نے اس مرتبہ پیشگی ضمانت کی رقم میں بہت زیادہ اضافہ کیا تھا او چھوٹی سی دکان کے لئے بھی 70 سے 80 ہزار روپے کا ڈی ڈی جمع کرنے کی شرط رکھی تھی  اس کے باوجود چھوٹے موٹے دکانداروں نے بھی اپنا کاروبار باقی رکھنے کے لئے بڑی مشکل سے اس شرط کو پورا کیا اور 6 تاریخ کو شام پانچ بجے تک 19 دکانوں کے لئے لوگوں نے بولی لگانے کے لئے فارم کےساتھ پیشگی ضمانتی رقم کے 46 ڈی ڈی جمع کروائے ۔ اس دوسرے دن یعنی 7 فروری کو نیلامی ہونا طے تھا ۔ 
    
پھر مسئلہ کیوں کھڑا ہوا :    دکانداروں کی حمایت میں احتجاج میں شامل رہنے والے ٹی ایم سی کے نامزد کاونسلر شریکانت نائک کا کہنا ہے کہ ڈی ڈی جمع کرنے کا وقت ختم ہونے کے بعد اچانک ٹی ایم سی کے صدر نے دکانداروں کو بتایا کہ چونکہ نیلامی کا اشتہار صرف کنڑا اخبارات میں دیا گیا تھا اور اردو میڈیا میں اس کی تشہیر نہیں ہوئی تھی اس لئے 7 فروری کی نیلامی منسوخ کی جاتی ہے اور اردو میں تشہیر کے بعد مزید ڈی ڈی لیے جائیں گے یعنی نئے بولی لگانے والوں کو بھی موقع دیا جائے گا ۔ یہ سراسر دکانداروں کے ساتھ نا انصافی ہے اور انہیں اپنی دکانوں سے محروم کرنے کی تیاری ہے ۔ سریکانت کا کہنا تھا کہ ٹی ایم سی صدر نے کاونسلرس میٹنگ طلب کرکے اس تعلق سے فیصلہ کرنے کے بجائے اپنی خودمختاری کا مظاہرا کیا ہے ۔ 
    
وقت ختم ہونے سے پہلے ملتوی کرنا تھا :        احتجاجی دکانداروں میں سے ایک رام ناتھ بلے گار کا کہنا ہے کہ اگر واقعی اردو میڈیا میں تشہیر ضروری تھی تو وہ شرط ہفتہ دس دن پہلے بھی پوری کی جا سکتی تھی ۔ یا پھر عین آخری تاریخ کو شام 5 بجے کا وقت ختم ہونے سے پہلے بھی نیلامی ملتوی کرنے  کا اعلان کیا جا سکتا تھا ۔ لیکن ایسا نہ کرتے ہوئے شام کو وقت ختم ہونے کے بعد ڈی ڈی جمع کرنے والوں میں شاید اپنے کچھ خاص موجود نہ ہونے پر اردو میڈیا میں تشہیر کا معمولی سا سبب بتاتے ہوئے اس طرح کا غیر قانونی فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ صرف دکانداروں کو ہراساں کرنے اور انہیں اپنی دکانوں سے باہر کرنے کی سازش ہے ۔ 
    
احتجاج ملتوی کیا گیا :    کل شام کو احتجاجی دکانداروں نے منگل کے دن نیلامی نہ کرنے کی صورت میں بڑے پیمانے پر احتجاج اور راستہ روکو دھرنا دینے کا انتباہ کرتے ہوئے چیف آفیسر کو میمورنڈم سونپا جس کے جواب میں چیف آفیسر کی طرف سے فوری طور پر کاروار جا کر ڈپٹی کمشنر سے اجازت لینے کی بات کہی گئی ۔ اس کے  بعد احتجاجیوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر وہاں میمورنڈم دیا اور ایک دوسرا میمورنڈم ڈپٹی کمشنر کو بذریعہ میل اے سی کے دفتر سے بھیجا گیا اور کسی بھی حالت میں سابقہ اعلان کے مطابق جتنے لوگوں نے ڈی ڈی جمع کروائی ہے انہی کے ساتھ نیلامی کرنے اور مزید بولی لگانے والوں کے لئے موقع نہ نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اور منگل تک نیلامی کا فیصلہ نہیں ہوا تو سخت احتجاج کی وارننگ دیتے ہوئے مظاہرا ملتوی کیا گیا ۔
    
آج کھڑا ہوا پھر نیا مسئلہ :        دکانداروں کا کہنا ہے کہ آج وہ لوگ چیف آفیسر سے نیلامی کے بارے میں جانکاری لینے پہنچے تو چیف آفیسر نے ایک نیا مسئلہ کھڑا کردیا ۔ چیف آفیسر نے دکانداروں سے کہا کہ تین چار سال قبل جب نیلامی ہوئی تھی اوردوسرے لوگوں کی جانب سے بہت زیادہ کرایہ کی بولیاں لگا کر دکانیں چھیننے کی جو کوشش ہوئی تھی اور اس کے خلاف دکانداروں نے کورٹ سے اسٹے لیا تھا اس کے بعد سے وہ دکانیں انہیں کرایہ داروں کے پاس ہیں تو اس وقت ٹی ایم سی نے کرایہ میں  اضافہ کیا تھا اس کے بقایا جات ادا کرنے کے بعد ہی دکاندار اپنی دکانوں کی نیلامی میں حصہ لے سکیں گے ۔
    
پھر بھڑک گئے دکاندار :    چیف آفیسر کی طرف سے اچانک ایک نیا مسئلہ کھڑا کرنے پر دکانداروں کا پارہ پھر سے چڑھ گیا ۔ دکاندراروں کا کہنا ہے کہ اتنے سال سے ٹی ایم سی ہر مہینہ ان سے مقررہ کرایہ وصول کر رہی ہے اور وہ لوگ باقاعدہ کرایہ ادا بھی کر رہے ہیں ۔ اس دوران کبھی بھی ٹی ایم سی نے دکانوں کا کرایہ بڑھانے کی اطلاع دکانداروں کو نہیں دی ۔ اور معمول کے مطابق ہی کرایہ وصول کیا جاتا رہا ۔ ان تین چار سالوں میں کوئی اضافی کرایہ باقی ہونے کا کوئی نوٹس ان میں سے کسی دکاندار کو نہیں دیا گیا ۔ اب اچانک یہ نیا مسئلہ کھڑا کرنا اور تین چار سال کے بقایا جات کے نام پر رقم کا مطالبہ کرنا یہ دکانداروں پر ظلم ڈھانے اور انہیں ہراساں کرنے کا نیا ہتھکنڈا ہے ۔ اور وہ کسی بھی صورت اس طرح کے اقدامات برداشت نہیں کریں گے ۔
    
شام پانچ بجے کا الٹی میٹم :         چیف آفیسر کی طرف سے لگائی گئی نئی شرط کو جب دکانداروں نے ماننے سے انکار کیا اور راستہ روکو دھرنا دینے اور شامیانہ لگا کر مستقل دھرنے پر بیٹھنے کی تیاری کرنے لگے تو پھر چیف آفیسر نے احتجاجی دکانداروں سے ملاقات کی اور آج شام پانچ بجے تک اس ضمن میں کوئی فیصلہ کرنے کا یقین دلایا ۔ اس پر احتجاجیوں نے الٹی میٹم دیتے ہوئے اپنا مظاہرا ملتوی کیا کہ اگر شام تک دکانوں کی نیلامی سابقہ اعلان اور ترتیب کے مطابق کرنے کا فیصلہ نہیں کیا تو پھر کل دکاندار اپنی دکانیں بند کرکے دھرنے پر بیٹھ جائیں گے ۔ 


Share: