ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو : ایس ایس ایل سی پی یو سی امتحان میں بدعنوانی روکنے میں مدد کرے گی سی آئی ڈی اور سائبر پولیس 

بنگلورو : ایس ایس ایل سی پی یو سی امتحان میں بدعنوانی روکنے میں مدد کرے گی سی آئی ڈی اور سائبر پولیس 

Wed, 22 Feb 2023 12:25:44    S.O. News Service

بنگلورو ،22 / فروری (ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی امتحانات  کے دوران  گھپلے بازی اور بدعنوانی پر روک لگانے کے لئے سی آئی ڈی، پولیس انٹلی جنس اور سائبر پولیس کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 
    
ریاستی وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے بتایا کہ "محفوظ امتحانی نظام" منصوبے کے تحت امتحانات میں بدعنوانی روکنے کی غرض سے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے سوشیل میڈیا پر نگاہ رکھی جائے گی تاکہ امتحانات اور سوالیہ پرچوں سے متعلقہ پوسٹس کی نشاندہی ہو اور اس کی تہہ تک پہنچا جا سکے ۔ 
    
خیال رہے کہ امسال پی یو سی کے امتحانات 9 سے 29 مارچ تک منعقد ہونگے اور ایس ایس ایل سی کے امتحانات 31 مارچ تا 15 اپریل منعقد ہونگے ۔  
    
وزیر تعلیم کے مطابق کووڈ وباء کی وجہ سے گزشتہ امتحانات کے دوران کچھ چھوٹ دی گئی تھی ۔ مگر اس مرتبہ ہم پورے قوانین و ضوابط کے ساتھ امتحانات منعقد کریں گے اور اس کے لئے محکمہ پولیس کے مختلف شعبہ جات کی مدد لی جائے گی ۔ انہوں نے کہا : میں مانتا ہوں کہ پولیس کا محکمہ الیکشن کی وجہ سے زیادہ مصروف رہے گا، لیکن امتحانات کا انعقاد بھی اسی طرح اہم ہوتا ہے ۔"
    
انہوں نے کہا کہ امسال سے پی یو کا سوالیہ پرچہ تین حصوں پر مشتمل ہوگا جس میں پہلا حصہ ملٹیپل چوائس والے سوالات پر مبنی ہوگا ۔ اس میں طالب علم  کی کامیابی کے لئے ضروری کم ازکم 30 تا 35 مارکس حاصل کرنے کی گنجائش ہے ۔ دوسرے حصے میں 60 فیصد تک مارکس حاصل کرنے کا موقع رہے گا اور تیسرا حصہ طالب علم کو 90 سے 100% مارکس حاصل کرنے کا موقع دے گا ۔ اس کے علاوہ امتحانی مراکز پہلے کی طرح 5 منٹ قبل نہیں بلکہ اب امتحان کا وقت شروع ہونے سے 15 منٹ قبل کھول دئے جائیں گے تاکہ طالب علم اپنے آپ کو ذہنی طور پر امتحان ہال سے ہم آہنگ کر سکے ۔ 
    
انہوں نے بتایا کہ امتحانی پرچے بار کوڈس کے ساتھ محفوظ رہیں گے ۔ انٹلی جنس کے افسران فوٹو کاپی کرنے والے سینٹروں، انٹرنیٹ کیفے ، جوئے بازی کے مراکز جیسے ٹھکانوں پر نظر رکھیں گے ۔ سائبر پولیس امتحان کے تعلق سے پوسٹ ہونے والے شرارتی مسیجس پر نظر رکھیں گی ۔ انہوں نے کہا : " شرپسند کچھ ادھر ادھر کے سوالات ترتیب دے کر اسے اصلی امتحانی پرچہ کی شکل میں عام کر سکتے ہیں ۔ ایسے پیغامات اور پوسٹ کی تہہ تک پہنچ کر ان کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی ۔ 
    
وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ ان اقدامات کے علاوہ حکومت عادی مجرموں پر بھی نظر بنائے ہوئے ہے جنہیں انہیں 'احتیاطی حراست' میں لیا جائے گا ۔ ماضی میں جن امتحانی مراکز میں پیپر لیک ہونے کے واقعات ہوچکے ہیں وہاں پر نگرانی سخت کردی جائے گی ۔ امتحانی مراکز میں کوئی بھی الیکٹرانک آلہ یا مشین لے جانے کی اجازت رہے گی ۔ طلبہ کو وقت بتانے کے لئے ہر کمرے میں وال کلاک لگائے جائیں گے ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ اگر جوابی پرچے کی دوبارہ جانچ کے بعد اگر ایک مارک کا بھی فرق آتا ہے تو اس کے مطابق امسال سے طالب علم کو نیا مارکس کارڈ جاری کیا جائے گا ۔ اس سے قبل پانچ چھ مارکس زیادہ حاصل کرنے کی صورت میں ہی نیا مارکس کارڈ جاری کیا جاتا تھا ۔ 


Share: