نئی دہلی، یکم اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )انا ڈی ایم کی رکن ششی کلا پشپا نے آج راجیہ سبھا میں جذباتی لہجے میں کہا کہ انہیں ایک لیڈر نے تھپڑ مارا اور ان کی جان کو خطرہ ہے اور ان پر ایوان بالا کی رکنیت سے استعفی دینے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ششی کلا وقفہ صفر میں اپنی بات رکھنا چاہتی تھیں اور وہ اس کے لیے اسپیکر کے قریب بھی آ گئیں، بعد میں وہ کئی بار رو پڑیں اور کہا کہ تمل ناڈو میں ان کی جان کو خطرہ ہے،حالانکہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں کس نے اور کب مارا۔اپوزیشن ارکین نے ششی کلا کی حمایت کرتے ہوئے اسپیکر سے درخواست کی کہ انہیں اپنی بات کہنے کا موقع دیا جانا چاہیے ۔ان کی ہی پارٹی کے لیڈر نونیت کرشنن نے مطالبہ کیا کہ ششی کلا کے کچھ تبصرے کو کارروائی سے باہر کر دیا جائے۔ششی کلا نے کہاکہ ان کی جان کو خطرہ ہے، مجھے پریشان کیا جا رہا ہے .. مجھے سیکورٹی چاہئے،وہ لوگ استعفی دینے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، مجھے کیوں استعفی دینا چاہیے ؟ میں ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے اراکین کو یقین دلایا کہ چیئرمین سبھی ارا کین کے سرپرست ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ رکن ضروری کارروائی کے لیے اپنی بات چیئرمین کو لکھ سکتے ہیں۔حالانکہ انہوں نے کہا کہ رکن کو کسی ایسے شخص کا نام نہیں لینا چاہیے جو اپنا دفاع کرنے کے لیے ایوان میں نہیں آ سکتے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے ششی کلا اور ڈی ایم کے کے رکن ٹی شیوا کے درمیان دہلی ہوائی اڈے پر مبینہ طور پر تنازعہ ہوا تھا۔اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد سمیت مختلف اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی رکن کو اپنے ساتھ ہوئے واقعہ کا ذکر کرنے کا حق ہے۔کئی رکن اپنی سیٹ سے آگے بھی آ گئے۔ایس پی رکن نریش اگروال نے کہا کہ کسی بھی رکن کو اپنی بات کہنے کا حق ہے۔
راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ ششی کلا پشپا کو انا ڈی ایم کے سے باہر کردیا گیا
راجیہ سبھا میں انا ڈی ایم کے کی رکن پارلیمنٹ ایم ششی کلا پشپا کی دہلی ہوائی اڈے پر ڈی ایم کے ممبر پارلیمنٹ کے ساتھ مبینہ طور پر ہوئی ہاتھا پائی کے کچھ دن بعد آج پارٹی کی سربراہ جے للتا نے ششی کلا کوپارٹی کی بدنامی کروانے کی وجہ سے پارٹی سے نکال دیا۔جے للتا نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ پشپا کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سمیت تمام عہدوں سے ہٹا یا جا رہا ہے کیونکہ انہوں نے پارٹی کے اصولوں اور اقدار کی خلاف ورزی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کے برتاؤ کی وجہ سے پارٹی کی بھاری بدنامی ہوئی ہے۔جے للتا نے پارٹی کے حامیوں سے کہا کہ وہ تھتھو کڈی سے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ رہی ششی کلا سے اب کوئی تعلق نہ رکھیں۔گزشتہ ہفتے پشپا کی ڈی ایم کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ تروچی شیوا کے ساتھ دہلی ہوائی اڈے پر مبینہ طور پر ہاتھاپائی ہوئی تھی۔