اڈپی ،18 / فروری (ایس او نیوز) سیکنڈ ایڈیشنل اینڈ سیشنس کورٹ ، کارکلا موبائل کورٹ نے سال 2013 میں جیویلری شاپ میں انجام دی گئی ڈکیتی کے دو ملزمین کو 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ۔
سزا پانے والے ملزمین کی شناخت کارکلا کے رہنے والے مدھوکر اچاریہ (36 سال) اور کنداپور کے رہنے والے پرشانت اچاریہ (36 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ واردات 17 ستمبر 2013 کو رامچندرا مانے کی ملکیت والی جیویلری شاپ میں انجام دی گئی تھی ۔ لٹیروں نے رامچندرا کی آنکھوں میں مرچی کا سفوف چھڑک کر دکان سے 1.5 کلو گرام وزنی زیورات لوٹے تھے ۔ جس کی قیمت اُس وقت 42.67 لاکھ روپے لگائی گئی تھی ۔ ملزم مدھوکر اچاریہ کو واردات کے بعد اسی دن گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر ملزمین تحقیقات کے دوران یکے بعد دیگرے گرفتار ہوئے تھے ۔ اور ان کے قبضے سے لوٹے گئے زیورات بھی بر آمد کیے گئے تھے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ڈکیتی کی اس واردات میں جملہ چھ افراد کو ملزم بنایا گیا تھا ۔ عدالت میں معاملہ کی سماعت کے دوران شواہد کی کمی وجہ سے شاہد علی اور چندرا اچاریہ کو اس سے بری کیا گیا تھا جبکہ موہن موگویرا اور سندیپ موگرا کی اس عرصہ میں موت ہوگئی ہے ۔
اُس وقت کارکلا میں سرکل انسپکٹر کے فرائض انجام دینے والے جی ایم نائکا نے اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی تھی جس پر سماعت پر کے بعد جسٹس دنیش ہیگڈے ملزمین کو سزا سنائی ۔ استغاثہ کے لئے پبلک پراسیکیوٹر جیا رام شیٹی سے پیروی کی ۔