اڈپی ،15 / فروری (ایس او نیوز) بیرون ملک ملازمت کے لئے سفر کرنے والوں کو ضروری معلومات فراہم کرنے اور رہنمائی کرنے کے مقصد اڈپی کے ضلع کمشنر دفتر کامپلیکس میں واقع لیبر ڈپارٹمنٹ کے تحت اپنے طرز کا انوکھا 'انٹرنیشنل امیگریشن انفارمیشن سینٹر' کھولا گیا ہے ۔
اگر کوئی شخص بیرونی ملک ملازمت کے لئے جانے کا خواہشمند ہے تو اس کے کیا لوازمات ہیں؟ اسے بیرون ملک کیا قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ؟ اگر کوئی مسئلہ پیش آتا ہے تو وہاں کس سے رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے ؟ محفوظ طریقے سے بیرون ملک سفر کرنے اور واپسی کے لئے کیا طریقہ اختیار کرنا ہوگا ؟ ایجنٹوں اور پرائیویٹ کمپنیوں کو بڑی بڑی رقمیں ادا کرکے بیرون ملک پہنچنے کے بعد اگر مسائل کھڑے ہوتے ہیں تو کیا کرنا چاہیے ؟ ان جب سوالات کے جوابات اس انفارمیشن سینٹر کے ذریعہ فراہم کی جائیں گی اور سفر سے پہلے 8 گھنٹے دورانیہ کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔
خیال رہے کہ یہ انفارمیشن سینٹر ریاستی حکومت کی طرف سے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمندوں کی رہنمائی اور بیرون ملک حاصل ہونے والے روزگار کے مواقع سے متعلق آگاہی کے لئے لیبر ڈپارٹمنٹ کے توسط سے قائم کیے گئے چار سینٹروں میں سے ایک ہے ۔ حال ہی منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران بیرون ملک ملازمت کی خواہش رکھنے والے 130 سے زائد افراد نے اس سینٹر میں اپنا نام رجسٹر کروایا ہے ۔
ریاستی حکومت کے ذریعہ اڈپی کے علاوہ داونگیرے ، وجیاپورا اور یادگیر میں یہ سینٹرس چلائے جا رہے ہیں ۔ ان سینٹروں میں رجسٹریشن کے بعد جو لوگ بیرون ملک ملازمت کے لئے جائیں گے انہیں سرکاری سطح پر ضروری تعاون ملے گا ۔ نوکریاں فراہم والے ادروں کے ساتھ ان سینٹروں کا مستقل تال میل رہے گا ۔ ہندوستانی سفارتخانوں کے ذریعہ ایسے مزدوروں کو ویلفیئر فنڈ اور انشورنس کلیم وغیرہ کے ضمن میں ضروری مدد کی جائے گی ۔
ملازمت مہیا کرنے والی کمپنیوں کی ساکھ اور اعتبار کے تعلق سے اس سینٹر کے ذریعہ تحقیقات کی جائے گی اوراس بات کو یقینی بنایا جائے گا بیرون ملک جانے والے مزدور کو وہاں کوئی غیر ضروری مسئلہ پیش نہ آئے ۔ بیرون ملک ملازمت پیشہ خواتین اور ان مسائل کے حوالہ سے خصوصی توجہ دی جائے گی ۔