اڈپی 13؍جولائی (ایس او نیوز) اڈپی سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق شیروا کے قریب پڈوبیلّے میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے چاروں افراد نے سائنائڈ نامی خطرنک زہر کھا کراجتماعی خود کشی کرلی ہے۔
ہلاک ہونے والوں کے نام شنکر اچاریہ (۵۱سال)، اس کی بیوی (۴۲سال) اور ان کی دوبیٹیاں شروتھی(۲۴سال) اور شیریا(۲۲سال) بتائے گئے ہیں۔ شنکر اچاریہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ پڈوبیلّے میں اس کی ایک جیویلری شاپ تھی۔ کچھ برسوں پہلے اس دکان میں اسے بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مگر دھیرے دھیرے اس نے ان حالات پر قابو پالیا تھا۔ اور اپنے گھر پر ہی 10کاریگروں کو ملازم رکھ کر زیور بنانے کا کام کیا کرتاتھا۔
کہتے ہیں کہ بدھ کے دن شنکر اچاریہ کچھ سونا خریدنے کے لئے اڈپی گیا ہوا تھا۔ اس کے بعد پڈوبیلّے میں وہ کسی کو نظر نہیں آیا۔ دوسرے دن پڑوسیوں نے دیکھا تو گھر کے تمام افراد اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔ ابھی اس اجتماعی خود کشی کی وجہ معلوم نہیں ہوئی ہے۔شنکر اچاریہ کی ایک بیٹی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ جلد ہی اس کی شادی ہونے والی تھی۔ اس سلسلے میں منگنی کی تقریب بھی طے ہوچکی تھی ، جو دولھے کے خاندان میں بچے کی پیدائش کی وجہ سے فی الحال کینسل ہوئی تھی۔
شیروا پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔