ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈانی معاملہ پر امیت شاہ کی لب کشائی، کہا کہ ہمارے پاس چھپانے کیلئے کچھ نہیں ہے

اڈانی معاملہ پر امیت شاہ کی لب کشائی، کہا کہ ہمارے پاس چھپانے کیلئے کچھ نہیں ہے

Wed, 15 Feb 2023 12:39:20    S.O. News Service

نئی دہلی ،15/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی ) ہنڈن برگ کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد اڈانی گروپ کی پوری دنیا میں رسوائی اور سرمایہ کاروں کے لاکھوں کروڑ  روپے کافور ہوجانے  کے معاملے کو اپوزیشن کی جانب سے مسلسل اٹھایا جارہا ہے لیکن مرکزی حکومت نہ اسے کوئی مسئلہ مان رہی ہے اور نہ اس پر اپوزیشن کے مطالبہ کے مطابق جانچ کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کو تیار ہے۔ اس معاملہ میں اب وزیر داخلہ امیت شاہ نے  حکومت اور بی جے پی کی جانب سے محاذ سنبھالا ہے۔ انہوں نے  ایک نیوز ایجنسی کو انٹر ویو دیتے ہوئے یہ واضح کرنے کی کوشش کی کہ  اڈانی معاملے میں حکومت کے پاس چھپانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا نظریہ بالکل واضح ہے اور ہمارا  نہ اڈانی سے کوئی لینا دینا ہے اور نہ ہنڈن برگ کے معاملے میں ہم کوئی بات چھپارہے ہیں۔ 

 وزیر داخلہ  نے مزید کہا کہ چونکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے اس لئے ایک وزیر کے طور پر بہتر ہو گا کہ وہ اس پر تبصرہ نہ کریں لیکن یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ  بی جے پی کوئی بات نہیں چھپارہی ہے اور نہ کبھی  ایسے معاملے میں چھپائے گی۔یہ پوچھے جانے پر کیا ہنڈن برگ کی رپورٹ اور بی بی سی کی ڈاکیومنٹری کوئی سازش ہے ؟ امیت شاہ نے کہا کہ ہزاروں سازشیں ہوتی رہتی ہیںلیکن وہ سچ کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔ سچ  ہمیشہ سورج کی طرح چمکتا ہے۔

  دوسری طرف کانگریس پارٹی نے  امیت شاہ کےبیان پر جوابی حملہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان جےرام رمیش نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگربی  جے پی پاس چھپانے کے لئے کچھ نہیں ہے تو اس کے لیڈران جے پی سی کے مطالبہ پر راہ فرار کیوں اختیار کر رہے ہیں؟ انہیں کس بات خوف ہے ؟ ایک مرتبہ جے پی سی سے جانچ کروالیجئے ، سب سامنے آجائے گا۔


Share: