ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اقتدار میں ساتھ دینے والا ہاتھ ہی اچھا لگتا ہے:کانگریس

اقتدار میں ساتھ دینے والا ہاتھ ہی اچھا لگتا ہے:کانگریس

Sun, 12 Feb 2023 11:27:37    S.O. News Service

بنگلورو، 12/ فروری  (ایس او نیوز)کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی(کے پی سی سی) کے صدر ڈی کے شیو کمار نے کہا ہے کہ کرناٹک کے عوام نے یہ آزمالیا ہے کہ کمل کیچڑ میں ہی اچھا لگتا ہے اور تنا کھیت میں ہی لبھاتا ہے جبکہ سب کا ساتھ دینے والا کانگریس کا ہاتھ اقتدار میں رہے تو اچھا لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے جنتا دل(ایس) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اقتدار کا موقع فراہم کر کے آزمایا ہے۔ اس بار وہ کانگریس پر بھروسہ کریں،کانگریس پارٹی ان کے بھروسے کو نہیں توڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام سدارامیا اور ان کی قیادت کا ساتھ دیں اور دیکھیں کہ ریاست میں پارٹی نے جو وعدے کئے ہیں ان کو کس تیزی سے حکومت پورا کرتی ہے۔ کرناٹک میں جنتا دل(ایس) اقتدار پر نہیں آ سکے گی۔ اس ملک کو بی جے پی کی نفر ت اور فرقہ پرستی سے بچانے کے لئے کانگریس کا کامیاب ہونا ضروری ہے۔

شیو کمار نے کہا کہ اگلے اسمبلی انتخابات کا سامنا کانگریس اجتماعی قیادت میں کر رہی ہے۔ اس بار اسمبلی انتخابات میں ان کے گھر سے وہ واحد امیدوار ہوں گے کوئی اور میدان میں نہیں اترے گا۔ کسی رکن پارلیمان نے اس بار اسمبلی انتخاب لڑنے کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا ہے۔ دوسری پارٹیوں میں کیا فیصلے کئے جاتے ہیں اس سے کانگریس کو کچھ سروکار نہیں ہے۔ بی جے پی کی طرف سے انتخابی مہم چلانے کے لئے وزیر اعظم مودی کو مدعو کئے جانے کے بارے میں شیو کمار نے کہا کہ جمہوریت میں بی جے پی کو اس کا پورا اختیار حاصل ہے۔ کانگریس اس پر سوال نہیں اٹھائے گی۔ کس کو اقتدار پر لانا ہے، اس کا فیصلہ عوام پر منحصر ہے۔ سیاسی میدان میں کسی پر بندش لگانا کسی کے بس میں نہیں ہے۔


Share: