ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  بھٹکل : رکن اسمبلی کی غنڈہ گردی کی وجہ سے لوگ بات کرنے سے ڈرتے ہیں - سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا

 بھٹکل : رکن اسمبلی کی غنڈہ گردی کی وجہ سے لوگ بات کرنے سے ڈرتے ہیں - سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا

Thu, 16 Feb 2023 11:59:11    S.O. News Service

بھٹکل16/فروری (ایس او نیوز) تعلقہ کے بیلورمیں سڑک تعمیرکرنے کے مسئلہ پرموجودہ رکن اسمبلی سنیل نائک اورمقامی نوجوانوں کےدرمیان جوبحث وتکرارہوئی اورسنیل نائک نے جس طرح ناشائستہ رویہ اپنایا اس پراپنا ردعمل ظاہرکرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کہا کہ سنیل نائک کی غنڈہ گردی کی وجہ سے حلقہ اسمبلی کے لوگ ان سے بات کرنے سے ڈرتے ہیں ۔ 
    
منکال وئیدیا نے ماروکیری میں منعقدہ کانگریس بیداری اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑک تعمیر کی درخواست کرنے والوں کے ساتھ رکن اسمبلی نے جس طرح کا ناشائشتہ سلوک اور غنڈہ گردی کا رویہ اپنایا ہے اس سے ان کا کردارسامنے آگیا ہے۔ اس مرتبہ ووٹروں کو جاگنا ہوگا اور سوچ سمجھ کر ووٹنگ کرنی ہوگی ۔
    
انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں پریش میستا کی موت اورماگوڈ گاوں کے واقعہ سمیت مذہب کے حساب سے بھی میرے خلاف مسلسل غلط پروپیگینڈا کیا گیا۔ لیکن اس مرتبہ بی جے پی کو اس علاقے میں جیتنے کے لئے کوئی موضوع نہیں ہے۔ ڈبل انجن والی سرکار کو میری میعاد میں لائے 1500 کروڑ روپے فنڈ سے آگے بڑھ کر3 ہزارکروڑ روپے اس حلقہ میں ترقیاتی کاموں پر خرچ کرنا چاہیے تھا۔ جب میں رکن اسمبلی تھاتواس وقت 7 ہزار مکانات تعمیر کروائے تھے مگر اب کی بار حکومت کی طرف سے ایک گھر بھی تعمیرنہیں کیا گیا ہے۔ موجودہ رکن اسمبلی کو ترقیاتی کاموں کی فکر ہی نہیں ہے۔ انہیں تو بس بدعنوانی، لوٹ کھسوٹ، غنڈہ گردی اور کمیشن کھانے سے مطلب ہے ۔ 
    
منکال وئیدیا نے کہا کہ جب میں رکن اسمبلی تھا راج آنگن ناگ بنا کی از سرنو بحالی کے لئے 7.50 لاکھ روپے منظور کروائے تھے ۔ اُس وقت ان لوگوں کی ضد تھی کہ ناگ بنا کی 3.12  گُنٹہ زمین قبضے میں لے کراس پرکمپاونڈ تعمیرکرنا ہوگا۔ مگراب جتنی زمین پر ناگ بنا تھا اسی پر ماضی میں منظور کیے گئے 7.50 لاکھ روپے فنڈ خرچ کرکے ناگ بنا کی بحالی کی گئی ہے۔ تو پھر دیوستھان سے متعلقہ 3.12 گُنٹہ زمین کہاں چلی گئی؟ ہندوتوا کی باتیں کرنے والے یہ لوگ دیوستھان کی زمین قبضہ کرنے والوں سے واپس حاصل کرنے سے کیوں پیچھے ہٹ گئے؟ کیسی بدقسمتی کی بات ہے کہ مرکز اور ریاست میں اپنی حکومت رہنے والوں کے لئے مندرکی جگہ بچانا بھی ممکن نہیں ہوسکا۔ 
    
منکال نے کہا کہ بھٹکل اسمبلی حلقہ میں چترنجن، تیمپّا نائک اور پریش میستا کی موت سے متعلق مسلسل غلط پروپگنڈہ کی بنیاد پر ہی بی جے پی نے الیکشن جیتا ہے ۔ اس سے ہٹ کر سرکاری فنڈ سے علاقے میں ترقیاتی کام انجام دے کر انہوں نے کبھی الیکشن نہیں جیتا ہے ۔ 
    
سابق بلاک کانگریس صدر وٹل نائک، کانگریسی لیڈر شریکنٹا ہیبار، ماروکیری گرام پنچایت صدر ماستی گونڈا، گرام پنچایت رکن موہینی گونڈا، سداشیوا ہیگڈے وغیرہ نے بھی خطاب کیا اور منکال وئیدیا کی میعاد کے دوران کیے گئے تعمیراتی کاموں کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے آنے والے الیکشن میں انہیں جیت سے ہمکنار کرنے کی درخواست کی ۔
    
اس موقع پر بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، مہیلا کانگریس صدر نینا نائک، گرام پنچایت نائب صدر ناگوینی گونڈا، گونڈا سماج کے لیڈر گنپیّا گونڈا، کریا گونڈا، گنپتی گونڈا، لکشمن دیش بھنڈاری، چندو مراٹھی وغیرہ اسٹیج پر موجود تھے۔


Share: