تقریب میں صدر جمعےۃ دہلی نے کہا کہ وہ جمعےۃ علماء کے مشن کو پوری قوت سے آگے بڑھائیں گے
نئی دہلی،7جون؍(آئی این ایس انڈیا)جمعےۃ علماء صوبہ دہلی کے نو منتخب صدر مولانا محمد عابد قاسمی مہتمم مدرسہ فلاح دارین کا یہاں چونہ والی مسجد نبی کریم میں جمعےۃ علماء چاندنی چوک کے ذمہ داران بالخصو ص اہالیان نبی کریم نے پرتپاک استقبال کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں نہ صرف یہ کہ جماعت مستحکم ہوگی بلکہ ملی ورفاہی خدمات کا دائر ہ بھی وسیع ہو گا ۔ نبی کریم کی معروف شخصیت اور جمعےۃ علماء دہلی کے اہم رکن یوسف صاحب نے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد عابد نے کہا کہ جمعےۃ علماء کے مشن کو پوری قوت سے آگے بڑھایاجائے گا ۔ اس موقع پر مجلس میں موجود ایک امام صاحب نے دہلی کے ائمہ کرام کی معاشی اور سماجی دشواریوں کی طرف ان کی توجہ دلائی جس پر صدر جمعےۃ دہلی نے کہا کہ ہمارے سامنے یہ سارے مسائل ہیں، بلکہ انھوں نے ایک واقعہ بھی سنایا کہ مشرقی دہلی کی کسی مسجد کے امام صاحب لقوہ سے متاثرہوئے ، لیکن محض مالی دشواری کی وجہ سے وہ چھ دن تک اپنے کمرے میں پڑے رہے اور کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ایسے مسائل او رحالات سے نمٹنے او راجتماعی حل نکالنے کے لیے وہ دہلی کے ائمہ اور مسجدوں کے ساتھ بیٹھیں گے اور جلد ہی ایک لائحہ عمل تیار کریں گے ۔ انھوں نے مزید اس عز م کا اظہار کیا کہ وہ کوشش کریں گے کہ مسلم محلوں میں کم از کم پانچ بیڈ کا ہی سہی ایک ہاسپٹیل اوردواخانہ ہو جہاں مسلم خواتین پردہ کی رعایت کے ساتھ علاج کراسکیں، اس موقع پر مولانا اسلام الدین نائب صدر جمعےۃ علماء دہلی اورمولانا محمد جاوید قاسمی ناظم اعلیٰ نے بھی خطاب کیا ۔اہالیان نبی کریم اور چاندنی چوک نے صدر جمعےۃ علماء دہلی مولانا عابد قاسمی ، نائب صدور مولاناداؤد اسعدی، مولانا اسلام الدین، شیخ علیم الدین اسعدی ، ناظم اعلی جمعےۃ علماء دہلی مولانا محمد جاوید قاسمی، مولانا عبدالسبحان صدرجمعےۃ علماء چاندنی چوک ،محمد اسلام الدین ناظم جمعےۃ علماء چاندنی چوک اور مولانا ضیاء اللہ قاسمی الجمعےۃ بکڈپو کی گل پوشی کی۔ان مذکورہ شخصیات کے علاوہ مولانا غیاث ، مفتی اسحق ، مولانا معراج امام چونہ والی مسجد نبی کریم، اسعد میاں خادم حج، الحاج مبشر صدر دفتر جمعےۃ علماء ہند، مولانا عظیم اللہ صدیقی قاسمی جمعےۃ علماء ہند ، حافظ محمد افضل الجمعےۃ بکڈپو بھی شریک تھے ، نیز چاندنی چوک اور نبی کریم کی بڑی تعدادموجود تھی ۔